اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلی کے مشیر اورنگزیب بٹ کے بیٹے ذیشان بٹ اور دیگر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا

ملزمان کیخلاف غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی بنانے ، قبضہ اور کنورژن فیس کی مد میں خزانے کو کروڑوں کانقصان پہنچانے پر مقدمہ درج کیا گیا

ہفتہ 28 نومبر 2020 15:41

اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلی کے مشیر اورنگزیب بٹ کے بیٹے ذیشان بٹ اور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) اینٹی کرپشن پنجاب نے بڑی پیشرفت کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اورنگزیب بٹ کے بیٹے ذیشان بٹ اور دیگر کیخلاف غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی بنانے ، قبضہ اور کنورژن فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے پر مقدمہ درج کرلیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے ڈپٹی کمشنر گجرات سیف انور جپہ کی جانب سے گجرات سٹی ہائوسنگ اسکیم کے مالک ذیشان زیب بٹ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا ریفرنس اینٹی کرپشن پنجاب کو بھجوایا تھا ۔

اینٹی کرپشن کے مطابق ذیشان بٹ سمیت مقبول احمد پٹواری ، سجاد اسلم پٹواری ، آصف شفیع اور رضوان چوہدری کے خلاف غیر قانونی طور پر ہاسنگ سوسائٹی بنانے پر پرچہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ۔

(جاری ہے)

ملزمان نے کنورزژن اور رجسٹریشن فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ ریفرنس میںکہا گیا ہے کہ ملزمان غیر قانونی اور بین شدہ ہائوسنگ سوسائٹی کا رقبہ پلاٹس بناکر سادہ لوح عوام کو بیچ کر فراڈ کر رہے ہیں۔

مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی جعلی، غیر رجسٹرڈ اور بین شدہ ہے۔ ریفرنس کے مطابق محکمہ مال کے متعلقہ پٹواریوں مقبول احمد اور سجاد اسلم نے سوسائٹی مالکان کے ساتھ ملی بھگت کرکے دستاویزات تیار کروانے کی کوشش کی۔ ملزم ذیشان بٹ نے اپنے ملازمین کے نام بے نامی جائیداد خرید کر غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی بنائی۔ ملزمان نے 41 کنال دو مرلہ رقبہ غیر قانونی طور پر قبضہ کرکے سوسائٹی میں شامل کر رکھا ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :