ملتان:پی ڈی ایم کے کارکنان رکاوٹیں توڑ کر قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہوگئے

پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ نے 30 نومبر کو ملتان میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے‘جلسہ گاہ میں آچکے ہیں اور اب 30 نومبر تک یہیں پر رہیں گے.علی موسی گیلانی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 28 نومبر 2020 15:26

ملتان:پی ڈی ایم کے کارکنان رکاوٹیں توڑ کر قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم ..
ملتان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 نومبر ۔2020ء) حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر جلسوں کی اجازت نہ دینے کے باوجود اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کارکنان جلسے سے 2 روز قبل ہی رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم پہنچ گئے.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ نے 30 نومبر کو ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم انتظامیہ نے اس کی اجازت نہ دیتے ہوئے رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں آج اسلسلے میں پیپلزپارٹی کے راہنما علی موسیٰ گیلانی کی قیادت میں ریلی گھنٹہ گھر چوک پر پہنچی، جہاں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد اس ریلی شامل ہوئی، جس کے بعد شرکا جلسہ گاہ کی طرف پہنچیں، جہاں پولیس کی جانب سے انہیں روکنے کی کوشش کی گئی جس پر دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی.

تاہم ریلی کے شرکا رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے جلسہ گاہ قلعہ کہنہ قاسم باغ میں تالے توڑ کر داخل ہوگئے اور وہاں استقبالیہ کیمپ لگا لیا شرکا کی جانب سے رکاوٹیں ہٹانے کے لیے ایک کرین بھی ساتھ لائی گئی تھی جسے ملتان پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا. علاوہ ازیں جلسہ گاہ پہنچنے والے علی موسیٰ گیلانی نے گفتگو میں کہا کہ ہم جلسہ گاہ میں آچکے ہیں اور اب 30 نومبر تک یہیں پر رہیں گے انہوں نے کہا کہ ملتان کے تمام کارکنان جلسہ گاہ کی طرف آرہے ہیں اور 30 نومبر کو یہیں جلسہ ہوگا اور ہم اپنے قائدین کا یہیں انتظار کریں گے.

یاد رہے کہ اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پی ڈی ایم کے 30 نومبر کے جلسے کو روکنے کے مقصد سے قلعہ کہنہ قاسم باغ کے اطراف میں کنٹینرز لگا دیے گئے تھے جبکہ جلسہ گاہ کے باہر پولیس بھی تعینات کردی گئی تھی پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے اسٹڈیم کے اطراف 30 کنٹینرز لگائے گئے تھے جبکہ شہر کے راستوں کی بندش کے لیے مزید کنٹینرز منگوائے گئے تھے.

اس سلسلے میں گزشتہ روز پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کے 200 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی فہرست بھی متعلقہ تھانوں کو فراہم کی گئی تھی اس حوالے سے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی نے ایک ٹوئٹ میں شجاع آباد سے گرفتار کارکنان کی تصویر بھی ٹوئٹ کی تھی.