کشمیری ضلع ترقیاتی کونسل کے نام نہاد انتخابات سے دور رہیں، ہلال وار

بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں رچائے جانیوالے نام انتخابات کے پیچھے کارفرما مذموم بھارتی مقاصد سے کشمیریوںکو آگاہ کیا جائے، چیئرمین پیپلز پولیٹیکل پارٹی

ہفتہ 28 نومبر 2020 16:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین انجینئر ہلال احمد وار نے کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ نام نہاد ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات سے دور رہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انجینئر ہلال احمد وار نے پارٹی کی خواتین ارکان کے اجلاس سے سرینگر میں خطاب کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں رچائے جانے والے نام انتخابات کے پیچھے کارفرما مذموم بھارتی مقاصد سے کشمیریوںکو آگاہ کریں ۔

انہوںنے کہا کہ کشمیری نام نہاد انتخابات کیلئے نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں ۔ ہلال احمد وار نے کہا کہ ڈھونگ بھارتی انتخابات میں حصہ لینے والے کشمیر کاز کے خیر خواہ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا جموںوکشمیر ینگ مینز لیگ اور جموںوکشمیر سٹوڈنٹس یوتھ فورم نے بھی کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ و ہ نام نہا د انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ ینگ مینز لیگ کے جنرل سیکرٹری جاوید احمد چھانگا اور سٹوڈنٹس یوتھ فورم کے جنرل سیکرٹری معراج الدین شیخ نے اپنے بیانات میں کہا کہ نام نہاد انتخابات کے ذریعے بھارت عالمی برادری کو یہ باور کرانے کی کوشش کرتا ہے کہ کشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہیں ۔