حریت رہنمائوں اور تنظیموں کامیرواعظ عمر فاروق کے تایا مولوی علی محمد کی وفات پر اظہار رنج وغم

ہفتہ 28 نومبر 2020 16:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) بھارت کے غیر قانونی طورپر زیر قبضہ جموںوکشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کے تایا مولوی علی محمد جان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںمرحوم علی محمد جان کی دینی ، سیاسی اور سماجی خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے مرحوم کے درجات کی بلندی اور میر واعظ عمر فاروق اور دیگر غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائمقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مولوی علی محمد جان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے غمزدہ لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے انکے لیے صبر جیل اورمرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ دریں اثنا تحریک مزاحمت کا ایک وفد پارٹی چیئرمین بلال احمد صدیقی کی قیادت میں سینئر حریت رہنما اور اتحاد المسلمین کے سرپرست مولانا عباس انصاری کی اہلیہ کی وفات پر اظہارتعزیت کیلئے سرینگر میں انکے گھر گیا۔