ٹیوٹانے فنی تعلیم کے فروغ کیلئے نوجوانوں کو دورحاضر کی ضرورت کے مطابق کورسزکروانے کا اعلان کردیا

ہفتہ 28 نومبر 2020 17:34

فیصل آباد۔28نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28نومبر2020ء) :ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(ٹیوٹا) کے زیر اہتمام اداروں میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں نوجوانوں کو دورحاضر کی ضرورت کے مطابق کورسزکا بھی اجرا کیا جائے گا تاکہ وہ تعلیم حاصل کرکے روزگارکمانے کے قابل ہوسکیں۔

یہ بات رکن صوبائی اسمبلی و ممبر بورڈ آف مینجمنٹ ٹیوٹا فردوس رائے نے تحصیل تاندلیانوالہ میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر فاربوائز وگرلزکے الگ الگ دورہ کے موقع پر کہی۔صدر بورڈ آف مینجمنٹ انجینئر عاصم منیر، ڈسٹرکٹ مینجر ٹیوٹاانجینئر محمد یونس، پرنسپل گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ عائشہ اسلم ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایم پی اے نے اداروں میں مختلف فنی کورسز کی کلاسزکادورہ کرکے طالب علموں سے گفتگو کی اور ان سے سکھائے جانے والے کورسز کے بارے میں مختلف سوالات کئے۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا ایک قابل اعتماد ادارہ ہے جو نوجوانوں کو ہنر مند بناکر پاؤں پر کھڑا کررہا ہے جس کی مزید ترویج وترقی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے بیوٹیشن لیبز کو وسعت دی جائیگی۔

ایم پی اے نے سنٹرز کے اندر ہی سروس سنٹرز/ڈسپلے شاپس کے قیام کی خواہش ظاہر کی تاکہ تیار کردہ مصنوعات کی خریداری ممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین ٹیوٹا کو مسائل سے آگاہ کرکے بہتری لائی جائے گی۔چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ نے کہا کہ تاندلیانوالہ میں علاقائی ڈیمانڈ کے مطابق ڈیری وپولٹری فارمنگ سے متعلقہ کورسز کا اجراء کیا جائے گا تاکہ اس شعبہ سے وابستہ نوجوانوں کو داخلہ کے مواقع حاصل اور ہنر مند افرادی قوت میں اضافہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ ایم پی اے کی تجویز پر کورسز کا معیاد کم ازکم ایک سال کرنے کے لئے سنجیدگی سے غوروخوض کیا جائے گا۔انہوں نے ٹیوٹا کی مجموعی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔