کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے میں علمائے کرام کا تعاون اہمیت کا حامل ہے، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد

ہفتہ 28 نومبر 2020 17:46

ایبٹ آباد۔28نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28نومبر2020ء) :ڈپٹی کمشنر مغیث ثنااللہ نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے میں علمائے کرام کا تعاون اہمیت کا حامل ہے، کورونا کی پہلی لہر میں بھی علمائے کرام کے تعاون سے مساجد اور مدارس میں کورونا ایس او پیز پر پابندی سے عمل کیا گیا،موجودہ حالات میں کورونا کی وباء سے جاں بحق والوں کی شرح زیادہ ہے۔

عوام میں آگاہی کے لئے مساجد اور پبلک مقامات پر بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے۔وہ ڈپٹی کمشنر آفس میں علمائے کرام کی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہاب اللہ،وفاق المدارس کے ضلعی مسؤل مولانا حبیب الرحمن،مولانا سرفراز فاروق،مفتی زین العابدین،مولانا شکیل اختر جدون،پیر سید کمال حسین شاہ،مولانا احمد الحسینی،مولانا ایوب گڑنگی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرنے اس بات پر زور دیا کہ مساجد اور مدارس کا احترام ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عوامی اجتماعات میں کورونا کی حفاظتی تدابیر پر عمل ضروری ہے،سماجی فاصلوں،فیس ماسک اور سینی ٹائزر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔علمائے کرام کی جانب سے مختلف تجاویز اور سفارشات کے علاوہ کورونا سے بچاؤ کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کورونا کی پہلی لہر میں بھی مدارس اور مساجد میں کورونا سے بچاؤ کیلئے تمام حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کرایا گیا،اس کے لئے ضروری ہے کہ ضلعی انتظامیہ مذہبی قیادت سے توقع رکھنے کے بجائے تمام مقامات پر اس کو لاگو کرے، کورونا کی شدت سے بچنے کے لئے مل کر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اجلاس میں علماء کرام کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،معاشرے میں لوگ علماء کرام کی بات توجہ سے سنتے ہیں،ضلعی انتظامیہ علماء کرام سے مکمل رابطے میں رہے گی اور پہلے پیدا ہونے والی غلط فہمیاں ختم کر کے اس کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی،ضلعی انتظامیہ مساجد میں عوامی اجتماعات میں اگا ہی پیدا کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گی،کورونا سے بچاؤ کے لئے مساجد میں سپرے اور آگاہی بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔

کیونکہ منبر محراب سے اٹھنے والی آواز زیادہ پراثر ہے۔ کورونا بچاؤ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والے شہریوں پر جرمانے بھی کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :