حکومت ہوش کے ناخن لے، کریک ڈائون کرنے کا سوچے بھی نہیں،بلاول بھٹو زرداری کا انتباہ

اگر میرے جیالوں کو کوئی تکلیف ہوئی تو ملک کے کونے کونے میں احتجاج ہوگا، چیئر مین پیپلز پارٹی کا بیان

ہفتہ 28 نومبر 2020 20:57

حکومت ہوش کے ناخن لے، کریک ڈائون کرنے کا سوچے بھی نہیں،بلاول بھٹو زرداری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ہوش کے ناخن لے، کریک ڈائون کرنے کا سوچے بھی نہیں، انہیں اطلاعات مل رہی ہیں کہ حکومت ملتان میں جیالوں کے خلاف کریک ڈائون کرنا چاہتی ہے،اگر میرے جیالوں کو کوئی تکلیف ہوئی تو ملک کے کونے کونے میں احتجاج ہوگا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر حکومت نے جیالوں کے خلاف ملتان میں ریاستی جبر کیا تو یہ جلتی پر تیل کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے پاکستان پیپلزپارٹی اپنا یوم تاسیس ہر حال میں ملتان میں منائے گی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے ایک اور بیان میں کہا کہ بے رحم حکومت نے اسٹیل ملز کے ساڑھے چار ہزار ملازمین کو برطرف کردیا ہے جبکہ عمران خان کو برطرف ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی برطرف کئے جانے والے اسٹیل ملز کے تمام ملازمین کو بحال کرے گی۔ ہم پی ٹی آئی کو مزدوروں کے معاشی قتل سے جان چھڑانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی صنعتی اثاثے کی اراضی کے مالک سندھ کے عوام ہیں۔