صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت انصر مجید خان اور کمشنر سرگودہا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس

سالانہ ترقیاتی پروگرام کی 185 سکیموںپر سال رواں کیلئے جاری 2 ارب 26 کروڑ 40لاکھ میں سے اب تک 93کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق الرحمن کی بریفنگ

اتوار 29 نومبر 2020 16:00

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) سرگودھا ضلع میں سالانہ ترقیاتی پروگرام سمیت 630 جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر اب تک 2 ارب 16کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے جاچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت انصر مجید خان اور کمشنر سرگودہا ڈویڑن ڈاکٹر فرح مسعودکی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق الرحمن نے بتایاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی 185 سکیموںپر سال رواں کیلئے جاری 2 ارب 26 کروڑ 40لاکھ میں سے اب تک 93کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ ان سکیموں پر لاگت کا مجموعی تخمینہ 27 ارب 85 کروڑ روپے لگایا گیاہے جبکہ جون 2020 تک ان پر 15 ارب 43کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ضلع میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے کی 60سکیموں پر 48کروڑ 76لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں جبکہ یہ تمام سکیمیں مکمل ہو کر محکموں کو سونپ دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

مکمل ہونے والی ان سکیموں میں پبلک ہیلتھ کی 34 ‘ لوکل گورنمنٹ کی 17‘ ہائی ویز کی 8 اور محکمہ بلڈنگ کی سکیم شامل ہے۔انہوں نے بتایاکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے دوسرے مرحلے کی 73سکیموں پر سال رواں کیلئے جاری 19کروڑ 60لاکھ میں سے 13کروڑ 65 لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ان سکیموں کی تکمیل پر لاگت کا تخمینہ 50کروڑ روپے لگایا گیاہے۔ انہوں نیبتایاکہ ایس اے پی کے فیز ون کے تحت ضلع میں جاری 201 سکیموں پر سال رواں کے 30کروڑ روپے میں سے 29کروڑ 80لاکھ روپے استعمال ہو چکے ہیں او ریہ تمام سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ اس منصوبے کی دیگر 83 سکیموں پر اب تک 14کروڑ 73 لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سیف کے دوسرے مرحلے میں واپڈا کی 111سکیموں پر 15کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ نیا پاکستان منزلیں آسان کی 15سکیموںپر لاگت کا تخمینہ ایک ارب 20کروڑ روپے سے زائد لگایا گیا ہے جن پر جون 2020 تک 50کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نیبتایاکہ پنجاب میونسپل سروسز کے تحت مختلف سکیموں پر 39کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے گئے ہیں جبکہ ان منصوبوں پر 70فیصد کام مکمل کر لیا گیاہے۔ اجلاس میں ضلعی ترقیاتی پروگرام کے آئندہ منصوبوں پر بھی غور کیاگیا ان منصوبوں میں سیال موڑ سرگودہا روڈ کی تکمیل ‘ سرگودہا بائی پاس کی تعمیر ومرمت ‘ شہرکی خستہ حال سڑکوں کی بہتری ‘دیگر تمام تحصیلوں کی رابطہ سڑکوں ‘ صحت او رتعلیم کے منصوبے شامل ہیں۔