سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں’دو دلوں‘ کا ملاپ

دوسرے ون ڈے کے دوران بھارتی شائق نے اپنی دوست کو شادی کی پیشکش کردی،رضامندی پر گلین میکسویل کی بھی مبارکباد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 29 نومبر 2020 18:19

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں’دو دلوں‘ کا ملاپ
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 نومبر 2020ء ) بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران دو دلوں کا ملاپ ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت اور آسٹریلیا درمیان جاری دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کی اننگز کے دوران سٹینڈز میں بھارتی مداح نے اپنی دوست کو شادی کی پیش کش کردی ، لڑکی کے ہاں کہنے پر سٹیڈیم میں موجود مداحوں نے جشن منانے کے ساتھ ساتھ دونوں کو مبارک باد بھی دی ۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی تالیاں بجا کر جوڑے کو مبارک باد دیتے نظر آئے۔ 
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو 51 رنز سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

(جاری ہے)

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 142 رنز جوڑے جس کے بعد فنچ 60 رنز بنا کر محمد شامی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ، سابق کپتان سٹیو سمتھ نے کریز سنبھالی اور اپنی بہترین فارم کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سنچری بنا ڈالی ۔ سابق آسٹریلوی کپتان کی یہ بھارت کے خلاف مسلسل تیسری سنچری تھی جو انہوں نے محض 62 گیندوں پر سکور کی۔

آخری اوورز میں گلین میکسویل اور لبسشین نے چوکوں چھکوں کی برسات کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 389 رنز تک پہنچا دیا۔ بھارت کی جانب محمد شامی، پانڈیا اور بمراہ صرف ایک،ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ 390 رنز کے پہاڑ نما ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا نہ رہا اور ان کی پہلی وکٹ 58 رنز پر گر گئی جب دھون 30 رنز بنا کر ہیزول ووڈ کو وکٹ دے گئے ۔ بھارت کی جانب سے کپتان ویرات کوہلی اور لوکیش راہول نے مزاحمت کی مگر وہ اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروانے میں ناکام رہے ۔ کوہلی 89 جب کہ راہول 76 رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے تین جب کہ ہیزول ووڈ اور زامپا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سٓٹیو سمتھ کو میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔