وزیر اعلی بلوچستان کی قیادت میں صوبہ ترقی و خوشحالی کے شاہراہ پر گامزن ہے،اعجاز خان سنجرانی

باریاں لینے والوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی پی ڈی ایم اقتدار کی رسائی چاہتی ہے، چیف آرگنائزر بلوچستان عوامی پارٹی رخشان ڈویژن

اتوار 29 نومبر 2020 18:30

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) باریاں لینے والوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی پی ڈی ایم اقتدار کی رسائی چاہتی ہے وزیر اعلی بلوچستان کی قیادت میں صوبہ ترقی و خوشحالی کے شاہراہ پر گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان عوامی پارٹی رخشان ڈویژن کے چیف آرگنائزر وسابقہ مشیر میر اعجاز خان سنجرانی نے باپ پارٹی تحصیل دالبندین کے عہدے داروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر دالبندین پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہی جس میں دوردراز سے بڑی تعداد میں کارکنوں اور معتبرین نے شرکت کی جن میں سابقہ چیئرمین بلدیہ میر علی جان نوتیزئی،حاجی عبدالصمد سنجرانی،میر عبداللہ جان بوبکزئی،ملک مقصود سمالانی،میر سعادت خان سنجرانی،سردار بیبرگ خان مینگل،ملک جمعہ خان ہیجباڑی،عبدالباری بوبکزئی،حاجی محبوب علی خان سنجرانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے باپ پارٹی کے ضلعی صدر میر اسفندیار خان یار محمد زئی،ضلعی جنرل سیکرٹری صدرالدین عینی،ملک الہی بخش موسی زئی،تحصیل صدر سردار آحمد بخش سنجرانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سابقہ مشیر و بلوچستان عوامی پارٹی رخشان ڈویژن کے چیف آرگنائزر میر اعجاز خان سنجرانی نے کہا کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی نے کئی بار ملک پر حکمرانی کی مگر عوام کے لیے کچھ بھی نہیں کیا اقتدار نہ ملنے پر وہ واویلا مچا رہے ہیں پی ڈی ایم کا بیانیہ بیرونی اہلکاروں کے خواہشات کی عکاسی کرتا ہے جو کہ پاکستان کو ترقیافتہ ملک نہیں دیکھنا چاہتے ہیں موجودہ وزیراعظم عمران خان بہتر انداز میں ملک و قوم کی خدمت کررہا ہے تاریخ میں پہلی بار ملکی قرضوں کا بوجھ کم کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام کی حقیقی و نمائندہ سیاسی جماعت ہے قوم پرستوں نے عوام کو نعروں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا حالانکہ بلوچستان کے عوام نے قوم پرستوں کو مواقع فراہم کیے مگر مایوسی ہوئی انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی وفاق میں بھر پور انداز میں بلوچستان کے مسائل کے حل کی خاطر جدوجہد کررہی ہے بڑے پیمانے پر فنڈز کی فراہمی رخشان ڈویژن سمیت پورے صوبے میں میگا پروجیکٹس،پانی،بجلی،تعلم،صحت کے شعبوں کی منطوری اور فعالیت باپ پارٹی کے قائدین کی کاوشوں کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ دالبندین ٹو زیارت بلانوش سڑک کی معیاری تعمیر،نوکنڈی میں منرل یونیورسٹی کا قیام نوکنڈی و چاغی میں انٹر کالجز،نوکنڈی کو نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی،نوکنڈی تا ماشکیل پختہ سڑک کی تعمیر،امین آباد میں ذرعی کولڈ اسٹوریج کی منظوری،چاغی میں متعدد ڈیمز کی منظوری،نوشکی سلطان چڑھائی کی کٹائی،دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال دالبندین میں ڈائیلاسز مشین کی فراہمی،دالبندین سمیت چاغی،نوکنڈی،تفتان اور دوردراز کے علاقوں میں بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کی فراہمی اور دیگر بے شمار ترقیاتی کام ہماری مختصر ترین عوامی خدمات کی عکاسی کرتا ہے جو کہ ہم اپنے علاقے کے عوام کی بلا تفریق خدمت کے جذبے کے تحت کررہے ہیں وفاق میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور بلوچستان میں وزیر اعلی جام کمال خان عوام کی بہتر انداز میں نمائندگی کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور ملکی تاریخ میں پہلی بار صوبہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کے شاہراہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ دالبندین ماسٹر پلان کے مسئلے پر دکانداروں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے۔اگر نیو ماڈل سٹی کے طرز پر دالبندین شہر کے قریب نئی سٹی بنائی جائے اس سے بھی لوگ مستفید ہو سکیں گے۔تفتان زیروپوائنٹ کی بندش سے مزدوروں سمیت علاقے کے لوگوں کو معاشی مسائل کا سامنا ہے وفاقی اور صوبائی حکومت تفتان زیروپوائنٹ کھولنے کے لیے جلد اقدام اٹھائیں گے۔

ضلعی صدر میر اسفندیار خان یار محمد زئی نے کہا کہ باپ پارٹی کو ضلع بھر میں فعال اور منظم کرنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور یہ وہ واحد پارٹی ہے جو کہ ہر قسم کی تعصبات سے بالاتر ہوکر عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہے اسی لیئے روزانہ کی بنیاد پر لوگ جوق در جوق باپ پارٹی میں شمولیت کا اعلان کررہے ہیں جو کہ سابقہ مشیر میر اعجاز خان سنجرانی کی مخلصانہ جدوجہد کا ثمر ہے انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں اور انہی کارکنوں کی بدولت باپ پارٹی نہ صرف ضلع چاغی بلکہ پورے رخشان ڈویژن کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے۔

تقریب میں ضلعی جنرل سیکرٹری صدرالدین عینی نے ضلعی سیکریٹری رپورٹ تفصیلی پیش کی اس دوران نورزئی قبائل کے حاجی اختر جان نورزئی اور حاجی عبدالسلام خلجی نے اپنے اپنے قبائل سمیت میر اعجاز خان سنجرانی کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔آخر میں ضلعی سیکرٹریٹ میں دوردراز سے آنے والے مہمانوں معتبرین اور پارٹی کارکنوں کے اعزاز میں چائے پارٹی دے دی گئی قبل ازیں باپ پارٹی کے ڈویژنل آرگنائزر میر اعجاز خان سنجرانی کا دالبندین پریس کلب پہنچنے پر پارٹی رہنماوں اور معتبرین نے شاندار استقبال کیا۔