صدر مملکت کی زیرصدارت پاکستان کوارٹرز کی لیز کے معاملہ پرگورنر ہائوس سندھ میں اجلاس

اگلے اجلاس میں پاکستان کوارٹرز کا تعمیراتی منصوبہ پیش کیا جائے یہ تعمیراتی منصوبہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا،ڈاکٹرعارف علوی

اتوار 29 نومبر 2020 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت گزشتہ روزپاکستان کوارٹرز کی لیز کے معاملہ پر گورنر ہائوس سندھ میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا،اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون، اراکین صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان، جمال صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل انور علی حیدر بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارت برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کے حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعہ صدر مملکت کو پاکستان کوارٹرز کے معاملہ پر بریفنگ دی۔صدرمملکت نے ہدایت کی کہ وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس پاکستان کوارٹرز کی لیز کی توسیع ایک ماہ کے اندر حاصل کرے اورانہوں نے اس مسئلے پراگلااجلاس 14 دسمبر کو ایوان صدر میں طلب کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ صدر مملکت نے وزارت ہائوسنگ و ورکس کے حکام کو ہدایت کی کہ اگلے اجلاس میں پاکستان کوارٹرز کا تعمیراتی منصوبہ پیش کیا جائے یہ تعمیراتی منصوبہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ کچی آبادیوں کی ترقی کے لیے بین الاقوامی کمپنیاں تعمیر نو کی پیشکش کر رہی ہیں اورموجودہ حکومت کراچی کی تعمیرنو کرے گی ۔