نیوزی لینڈ میں موجود یونس خان نے اپنی سالگرہ روزہ رکھ کر منائی

سابق کپتان نے انکشاف کیا کہ یہ ان کا 5واں روزہ ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 نومبر 2020 11:00

نیوزی لینڈ میں موجود یونس خان نے اپنی سالگرہ روزہ رکھ کر منائی
کرائسٹ چرچ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30نومبر 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے اپنی 43 ویں سالگرہ روزہ رکھ کر منائی، ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا مسلسل پانچواں روزہ ہے،نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور سٹاف نے انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے جنم دن کی مبارکباد پیش کی۔ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی سالگرہ پر پی سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سرفراز احمد، یاسر شاہ، حارث سہیل، فواد عالم، اظہرعلی اور دیگر سمیت قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کو یونس خان کو 43 ویں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں یونس خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی سالگرہ پر روزہ رکھا ہے اور یہ ان کا 5واں روزہ ہے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں سیریز کھیلنے کیلئے موجود ہے اور ایک ہوٹل میں قرنطینہ کے ایام مکمل کر رہی ہے ۔ اسی وجہ سے تمام کھلاڑیوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے بیٹنگ کوچ کی سالگرہ منائی۔یونس خان نے سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یونس خان 29 نومبر1977ء کومردان میں پیدا ہوئے۔ مارچ 2000ء میں راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیوکیا اورپہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری سکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزاررنز مکمل کرنے والے پاکستان کے واحد بیٹسمین ہیں۔ بے مثال کیریئر میں دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی نے 118 ٹیسٹ کی 213 اننگز میں 52.05 کی شاندار اوسط سے 10099 رنز سکور کئے۔

ان کا بہترین سکور313 رنز رہا۔ وہ حنیف محمد اورانضمام الحق کے بعد ٹرپل سنچری بنانیوالے پاکستان کے تیسرے بلے باز ہیں ۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یونس نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 سنچریاں اور33نصف سنچریز سکورکیں۔ 139 کیچز لیکر بہترین فیلڈر بھی ثابت ہوئے۔ یونس خان نے 265 ایک روزہ میچوں میں 7249 رنز 32 کی اوسط سے بنائے جس میں7 سنچریز اور48 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

انہوں نے سلپ میں 135کیچزبھی لئے۔ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں انھیں 25 بار موقع دیا گیا، یونس خان نے 2 ففٹیز سمیت 442 رنز سکور کئے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 2009ء میں ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹائٹل حاصل کیا۔ وہ 1992ء میں ورلڈ کپ جیتنے والے عمران خان اور چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے فاتح سرفراز احمد کے ساتھ پاکستان کوعالمی اعزاز دلانے والے تیسرے کپتان ہیں۔