قومی سکواڈ کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ مکمل،سرفراز اورعباس کلیئر قرار

ٹیسٹ نتائج کے بعد قومی اسکواڈ کو گراؤنڈ میں ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی: پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 نومبر 2020 11:24

قومی سکواڈ کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ مکمل،سرفراز اورعباس کلیئر قرار
آکلینڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30نومبر 2020ء ) نیوزی لینڈ میں موجود قومی سکواڈ کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ مکمل ہوگئی، ہسٹارک کیسز کے حامل سرفراز احمد اور محمد عباس کو کلیئر قرار دیدیا گیا۔ ترجمان نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستانی سکواڈ کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی ہے اور 2 ہسٹارک کیسز کے حامل ارکان کو دوبارہ سکواڈ جوائن کرنیکی اجازت دے دی گئی ہے، طبی طور پر ان دونوں ارکان کو نان انفکیشن قرار دیا گیا ہے، پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ میں 6 ارکان کے رزلٹ مثبت آئے تھے اور ان 6 میں سے 2 اراکین کو ہسٹارک کیسز قرار دیا گیا تھا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سابق کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بائولر محمد عباس کو کلین چٹ مل گئی جس کے بعد دونوں نے قومی سکواڈ جوائن کرلیا، پہلا کورونا وائرس مثبت آنے پر دونوں کھلاڑیوں کو قومی سکواڈ سے الگ کیا گیا تھا اور ان کو ہسٹارک کیسز قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تیسرے کرونا ٹیسٹ کے بعد قومی کرکٹرز اور سپورٹ سٹاف کو ہوٹل سے متصل گراؤنڈ میں چہل قدمی اور ہلکی پھلکی ٹریننگ کی اجازت بھی دیدی گئی ہے ۔

دوسری جانب پی سی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ کوویڈ 19 کے آج ہونیوالے ٹیسٹ کے نتائج کے بعد قومی سکواڈ کو ٹریننگ کی اجازت مل جائیگی۔خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ میں شامل سرفرازاحمد، روحیل نذیز، نسیم شاہ، محمد عباس، عابد علی اور دانش عزیز بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیںگے۔

پہلا ٹی ٹونٹی 18 دسمبر کو آکلینڈ اور دوسرا 20 دسمبرکو ہیملٹن میں کھیلا جائیگا جبکہ سیریز کا تیسرا میچ 22 دسمبر کو نیپیئر میں ہو گا۔ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ ماؤنگنائی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ بابراعظم ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی مقابلوں میں قومی ٹیم کی کپتانی کریںگے۔ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان اور ٹی ٹونٹی میں شاداب خان ہوں گے۔ دورے کے دوران پاکستان شاہینز کی ٹیم 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹونٹی کھیلے گی۔ پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان پہلا 4 روزہ میچ 10 دسمبر سے شروع ہو گا جبکہ دوسرا 4 روزہ میچ 17 سے 20 دسمبر تک واھنگری میں کھیلا جائے گا۔