لاہور پیکجز مال کے زیر قبضہ سرکاری زمین کی فروخت کیس میں آئندہ سماعت پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پیش ہونے کی ہدایت

پیر 30 نومبر 2020 16:13

لاہور پیکجز مال کے زیر قبضہ سرکاری زمین کی فروخت کیس میں آئندہ سماعت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) سپریم کورٹ نے لاہور پیکجز مال کے زیر قبضہ سرکاری زمین کی فروخت اور رینٹ سے متعلق کیس میں آئندہ سماعت پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پیش ہونے کی ہدایت کی۔ پیر کو کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب قاسم چوہان عدالت میں پیش ہوئے ۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کو طلب کر رکھا تھا، چیف سیکرٹری پنجاب بیماری کے باعث پیش ہونے سے قاصر ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ابھی تک زمین کے کرائے کا تعین کیوں نہیں ہوا، جو عدالت نے طلب کیا تھا وہ تحریری طور پر جمع کرائیں۔چیف جسٹس نے کہاکہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرکے رپورٹ دیں۔

(جاری ہے)

قاسم چوہان نے کہاکہ ممبر کالونیز کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی، چیف سیکرٹری بھی بیمار ہیں، وکیل ڈاکٹر پرویز الحسن بھی کرونا وائرس کا شکار ہیں۔

عدالت نے کہاکہ آئندہ سماعت پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پیش ہوں، پنجاب حکومت زمین کے کرائے اور فروخت سے متعلق 4 ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ جمع کرائے،پنجاب حکومت نے 1985 میں پیکجز مال کو صنعتی استعمال کے لیے 229 کنال انیس مرلے زمین لیز پر دی تھی،زمین کی لیز 2015 میں ختم ہوگئی تھی،سپریم کورٹ نے 2015 سے زمین کا کرایہ پیکجز مال سے طے کر کے وصول کرنے کا حکم دے رکھا ہے