وزیراعظم رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنے اقتدار کو طول نہیں دے سکتے، نثار کھوڑو

نیازی سرکار پولیس گردی کے ذریعے ہمارے کارکنان کو روک کر ریاستی دہشتگردی پر اتر آئی ہے، صدر پیپلزپارٹی سندھ

پیر 30 نومبر 2020 16:35

وزیراعظم رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنے اقتدار کو طول نہیں دے سکتے، نثار کھوڑو
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثاراحمدکھوڑو نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنے اقتدار کو طول نہیں دے سکتے۔پیپلز پارٹی کے سندھ سے ملتان جانے والے کارکنان اور قافلوں کوشاہ شمس تبریز ٹول پلازہ ملتان پر روک لیا گیا ، جس کے بعد کارکنان نے ٹول پلازہ ملتان پر احتجاج اور نعرے بازی شروع کردی۔

ترجمان نثار احمدکھوڑوکے مطابق شمس تبریز ٹول پلازہ ملتان پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، وہاں رکاوٹیں کھڑی کرکے کارکنان کو آگے جانے سے روکا جا رہا ہے۔اس حوالے سے نثاراحمدکھوڑو نے کہاکہ نیازی سرکار پولیس گردی کے ذریعے ہمارے کارکنان کو روک کر ریاستی دہشتگردی پر اتر آئی ہے، پارٹی کا یوم تاسیس منانا ہمارا بنیادی جمہوری حق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سندھ سے پرامن قافلوں کے آگے سے رکاوٹیں فوری ہٹادی جائیں ورنہ حالات کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سندھ سے قافلوں کو ریاستی جبر کے ذریعے روکنے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں۔نثارکھوڑونے کہاکہ وزیراعظم نیازی صاحب جمہوری جدوجہد کرنے والوں کے آگے رکاوٹیں کھڑی کرکے آپ اپنے اقتدار کو طول نہیں دے سکتے، اب ملک بھر میں گلی گلی گو عمران گو کا نعرہ بلند ہو چکا ہے، آپ کو گھر جانا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ کارکنان پر تشدد اور گرفتاریاں ہمیں جمہوری آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتی۔