ایف آئی اے نے پی آئی اے کے دو عہدے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

پیر 30 نومبر 2020 16:38

ایف آئی اے نے پی آئی اے کے دو عہدے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کی ہدایت پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے غیر ملکی عہدے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے پی آئی اے میں غیر قانونی تقرری پر آسٹرین اور جرمن عہدے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالرف شیخ کے مطابق ہیلموٹ بیچوفنر کو بطور کنسلٹنٹ سی ای او تعینات کیا گیا تھا، ہیلموٹ کو اختیارات کا غلط استعمال کر کے تعینات کیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے کے مطابق سابق ایکٹنگ سی ای او جرمن نژاد برینڈ ہیلڈن برانڈ نے آسٹریلین نژاد ہیلموٹ بیچوفنر کو غیر قانونی طور پر سی ای او کا کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا۔

(جاری ہے)

سابق قائم مقام سی ای او برینڈ ہیلڈن برانڈ کے پاس 3 ماہ کا عارضی چارج رہا، ان کی غیر قانونی تقرری سے ادارے کو 52 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ذرائع نے اس ضمن میں بتایاکہ سابق قائم مقام سی ای او 2017 میں جاتے ہوئے پی آئی اے کا طیارہ ساتھ لیگئے تھے، کرپشن کے مختلف الزامات کی وجہ سے نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق برینڈ ہیلڈن برانڈ ابتدا میں چھٹی پر اپنے آبائی ملک جرمنی گئے تھے، جس کے بعد انھیں ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ڈپٹی ڈائریکٹر کارپوریٹ کرائم سرکل عبدالرئوف شیخ کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے سب انسپکٹر فہیم اللہ اس کیس کی انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔