آل کراچی یوگا اسپورٹس چمپئن شپ2020،ڈسٹرکٹ کورنگی گرلز اور ڈسٹرکٹ سینٹرل بوائز چمپئن بن گئی

یوگا اسپورٹس کو فروغ دینے کے لئے حکومت سرپرستی کرے اس کھیل کے ذریعے صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے،شاہدہ پروین کیانی

پیر 30 نومبر 2020 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) ڈسٹرکٹ کورنگی کی گرلز اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے بوائز نے آل کراچی یوگا اسپورٹس چمپئن شپ 2020 کا ٹائٹل جیت لیا ۔تفصیلات کے مطابق واحد اسپورٹس کمپلیکس کورنگی پر پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ "آل کراچی یوگا اسپورٹس چمپئن شپ 2020 "کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے 6اضلاع کے 150سے زائد گرلز اور بوائز یوگا کھلاڑیوں نے حصہ لیا ،ڈسٹرکٹ کورنگی کی گرلز نے 155پوائنٹس حاصل کرکے فاتح رہیں جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل نے 154پوائنتس کے ساتھ دوسری اور ڈسٹرکٹ ملیر نے 140پوائنٹس حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل نے 143پوائنٹس کے ساتھ پہلی ،ڈسٹرکٹ سائوتھ نے 140پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ نے 129پوائنٹس حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

(جاری ہے)

دوران چمپئن شپ کراچی کے یوگا کھلاڑیوں نے شاندار کرتب کا مظاہرہ کیا اس موقع پر موجود سینکڑوں شائقین کھیل نے کھلاڑیوں کو بھر پور داد دی ۔چمپئن شپ کے اختتام پر منعقدہ پر وقار تقسیم انعامات کی تقریب میں کھیلوں کی ممتاز شخصیت پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر شاہدہ پروین کیانی نے فاتح رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی میڈل اور انعامات تقسیم کی اس موقع پر پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر غلام محمد خان ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن بلدیہ کورنگی محمد ارشد ،نیشنل مارشل آرٹ گیمز کمیٹی کے صدر شی ہان شہزاد احمد ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے صدر محمد عمیر خان ،سیکریٹری خالد بروہی ،سندھ فٹ بال ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد سلیم خمیسانی ،سندھ جمناسٹک ٹیکنیکل کمیٹی کے چیئر مین ایس ایم مرتضیٰ ،شہید شاہد حیات ٹریننگ سینٹر کے اسپورٹس کوارڈینٹر افضل بھٹی ،جمناسٹک کے ممتاز ٹرینر استاد لیاقت شان ،PWDشوٹنگ بال ٹیم کوچ اعجاز احمد قریشی ، سندھ یوگا اسپورٹس کے سیکریٹری محمد عفان خان ،سابق قومی شوٹنگ بال پلیئر استاد قمر السلام پیارے ،SSUکے اسپورٹس انسٹرکٹر محمد فیصل ،کراچی یوگا اسپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد سہیل ،سیکریٹری محمد عرفان ،سندھ وشو ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ذوالفقار ذلفی ، اسپورٹس لورز راشد انصاری ،محمد اشرف ،محمد طاہر ،عبدالحق ،محمد اقبال ،نور السلام ،عبدالوحید ،محمد جنید اور دیگر موجود تھے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شاہدہ پروین کیانی نے کہاکہ یوگا اسپورٹس کو فروغ دینے کے لئے حکومتی سرپرستی بے حد ضروری ہے اگر ہم اس کھیل کو ملک کے چپے چپے میں پھیلا دیں تو ہمارا نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور اور صحت مند معاشرے کی قیام میں مددگار ہوسکتا ہے انہوںنے کہاکہ جب ہمراے میدان آباد ہونگے تو ہسپتالوں ویران ہونگے ہمیں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لانا ہوگا شاہدہ پروین کیانی نے پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کو کھیلوں کے فروغ میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلا یا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام محمد خان نے کہاکہ یوگا اسپورٹس سمیت تمام کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اقدامات بروئے کار لارہی ہے انہوں نے شاندار چمپئن شپ کے انعقادپر یوگا اسپورٹس فیڈریشن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلا یا ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے صدر محمد عمیر خان اور سیکریٹری خالد بروہی نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے چمپئن شپ میں شریک کراچی کے 6اضلاع کی ٹیموں اُن کے کوچز اور ٹیکنیکل آفیشلز کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر انہوںنے کہاکہ چمپئن شپ کے انعقاد میں پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے چیئر مین وفاقی پارلیمانی سیکریٹری رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد ،اور وائس چیئر مین خالد رائے کا بھر پور تعاون حاصل رہا محمد عمیر اور خالد بروہی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ انشا اللہ اگلا چمپئن شپ ڈسٹرکٹ سائوتھ میں منعقد کیا جائیگا ۔