ہر قربانی کیلئے تیار ہیں، ہماری طرف سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، مولانا فضل الرحمن کا واضح پیغام

وہ ہمیں ماریں گے بندوقوں سے تو ہم انہیں ڈنڈوں سے بھی نہ ماریں، کیا ہم مردہ لاشیں ہیں جو خاموش بیٹھے رہیں گی میڈیا سے گفتگو

پیر 30 نومبر 2020 16:40

ہر قربانی کیلئے تیار ہیں، ہماری طرف سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، مولانا ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جوبھی حالات ہوں ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں اور ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جلسہ ہرصورت کریں گے اور جلسہ ہونے تک ملتان میں رہیں گے، یہیں ڈیرہ جمائیں گے، جوبھی حالات ہوں ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں جب کہ ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انصار الاسلام ہمارے رضاکار ہیں اور تنظیمی امور پر مامور ہیں، جلسے کے انتظام کے لیے انصار الاسلام کے رضاکار بھرپور کردار اداکررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں پی ڈی ایم سربراہ نے کہاکہ وہ ہمیں ماریں گے بندوقوں سے تو ہم انہیں ڈنڈوں سے بھی نہ ماریں، کیا ہم مردہ لاشیں ہیں جو خاموش بیٹھے رہیں گی ہم زندہ ہیں، کوئی رکاوٹ کام نہیں آئے گی، نا موبائل فون نا انٹرنیٹ کی بندش کام آئے گی، ہم جلسہ گاہ کی طرف جائیں گے، دیکھتے ہیں کہاں کہاں رکاوٹیں ہیں، وہیں پر اس سے نمٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب تک جلسہ نہ کر لیں ملتان میں رہیں گے ،کہیں نہیں جائیں گے، کنٹینروں کی ایسی تیسی کردیں گے۔