انگلینڈ 8 ویں ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی ناقابل شکست، پاکستان کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خطرہ

قومی ٹیم نے 2016ء سے 2019ء کے دوران مسلسل 11 ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی کا ریکارڈ بنا رکھا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 نومبر 2020 17:01

انگلینڈ 8 ویں ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی ناقابل شکست، پاکستان کا ریکارڈ ..
پارل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30نومبر 2020ء ) انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی ٹونٹی مقابلے میں شکست دے کر مسلسل 8 ویں ٹی ٹونٹی سیریز میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ پارل میں کھیلے گئے 3 میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 4 وکٹ سے شکست دے دی، میچ کا فیصلہ 19.5 گیندوں پر ہوا۔

جنوبی افریقی ٹیم 33 رنز کے اچھے آغاز کے باوجود 6 وکٹ پر 146 رنز بنا سکی، وکٹ کیپر بلے باز اور کپتان کوئنٹن ڈی کاک نے 30، لنڈے نے 29 اور وین ڈر ڈسن نے 25 رنز سکور کیے ،انگلینڈ کیلئے لیگ سپنر عادل رشید نے 2 وکٹیں لیں جبکہ جوفرا آرچر نے عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کی۔ 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے ایک موقع پر 83 پر 4 وکٹ کھودیں لیکن اس کے باوجود مطلوبہ ہدف 2 گیندوں قبل 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا، مڈل آرڈر بلے باز ڈیوڈ میلان نے 55 رنز بنائے اور کپتان این مورگن نے 26 کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں، انگلینڈ نے میچ میں کامیابی کے ساتھ سیریز میں فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

2010ء کی ٹی ٹونٹی چیمپئن برطانوی ٹیم اب وقت پاکستان کے مسلسل 2016ء سے 2019ء کے دوران 11 ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کے ریکارڈ کا تعاقب کررہی ہے ، برطانوی ٹیم اب تک 8 ٹی ٹونٹی سیریز میں ناقابل شکست ہے، اس نے اب تک 7 سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ ایک سیریز برابر رہی اور یوں پاکستان کا ریکارڈ اب خطرے میں ہے۔