بلوچستان میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد1523ہے ،ڈاکٹرافضل زرکون

کوئٹہ جبکہ 328تربت میں رجسٹرڈ ہیں صوبے میں غیر رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد7ہزار سے بھی زائد ہوسکتی ہے ،منیجرایڈز کنٹرول پروگرام بلوچستان

پیر 30 نومبر 2020 17:47

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) ایڈز کنٹرول پروگرام بلوچستان کے منیجرڈاکٹرافضل زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد1523ہے جن میں سے 1195کوئٹہ جبکہ 328تربت میں رجسٹرڈ ہیں صوبے میں غیر رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد7ہزار سے بھی زائد ہوسکتی ہے گڈانی جیل میں اسکریننگ کے دوران37قیدیوں میں ایڈز کی تشخیص ہوئی ہے جوکہ نشے کے عادی ہیں،حکومت کی جانب سے فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے ایڈز کنٹرول پروگرام مشکلات کاشکار ہے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق بلوچستان میں ایڈز کے غیررجسٹرڈ کیسز کی تعداد 7ہزار سے زائد ہوسکتی ہے صوبے میں ایچ آئی وی ایڈز کے رجسٹرڈمریضوں کی تعداد1523ہے جنہیں کوئٹہ اور تربت میں ٹریٹمنٹ دی جارہی ہے ایڈز کے مریض پر ہرماہ پچاس ہزار روپے علاج کیلئے خرچ کئے جاتے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے ایڈز سے متعلق آگاہی فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام جیلوں میں ایچ آئی وی ایڈز کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں 37قیدیوں میں ایڈز کی تشخیص ہوئی ہے بلوچستان میں زیادہ تر افراد کو ایڈز نشے کے لئے متعددبار استعمال شدہ سرنج استعمال کرنے سے ہورہاہ ے امسال یونیسف کے تعاون سے 4اضلاع میں 20ہزار افرادکے ایڈز کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے صرف 2میں ایچ آئی وی ایڈز کی تشخیص ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے سے 7ایچ آئی وی سینٹرز موجود ہیں جبکہ اس سال حب ،لورالائی،ڈیرہ مراد جمالی،نوشکی اورخضدار میں پانچ نئے سینٹر ز بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم سی میںقائم ایڈز ٹریٹمنٹ سینٹرمیں 25حاملہ خواتین کا علاج کیا گیا جن میں سے کسی کے بھی بچے میں ایڈز کی تصدیق نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں اسوقت 12سے 13خواجہ سراایسے ہیں جنہیں ایڈز کی ٹریٹمنٹ دی جارہی ہے ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے ذیادہ آگاہی فراہم کی جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میں جن ایڈز کٹس سے غلط تشخیص ہوئی تھی وہ ایڈز کنٹرول پروگرام نہیں بلکہ ایم ایس ڈی نے فراہم کی تھیں اب ایڈز کنٹرول پروگرام نے معیاری کٹس ہسپتال کی لیبارٹری کوفراہم کی ہیں جسکے بعد ہسپتال میں دوبارہ ٹیسٹ شروع ہوگئے ہیں۔