ناموسِ رسالتؐ پیدل لانگ مارچ کے شرکاء 1400کلومیٹر سفر طے کر کے 31دن بعد کل اسلام آباد پہنچیں گے

پیر 30 نومبر 2020 17:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) تحریک جوانان بلوچستان کے صوبائی ترجمان بابر خان خجک کی قیادت میں ناموس رسالتؐ پیدل لانگ مارچ کا قافلہ1400 کلو میٹرسفر طے کر کے گزشتہ روز تحریک جوانان پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ راولپنڈی پہنچ گیا ۔ اس موقع پر بابر خان خجک نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہم ناموسِ رسالت کے لئے سب کچھ قربان کر نے کے لئے تیار ہیں۔

حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ سرکاری سطح پر فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کر ے اور فرانس کے سفیر کو ملک بد ر کرے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ فرانس کے صدر نے تاریخ کے ٹیچر اور گستاخانہ خاکے پڑھانے والے استاد کے قتل پر مذہب اسلام کی سخت توہین کی تھی جس کی وجہ سے اہلِ اسلام میں شدیدغم و غصہ پایا جاتا ہے۔بابر خجک نے ناموسِ رسالت کے لئے فرانس کے خلاف اپنے دوستوں پر مشتمل پیدل لانگ مارچ ترتیب دیا۔

پیدل لانگ مارچ کا آغازیکم نومبر بلوچستان کے ضلع کچی بولان سے صبح دس بجے ہواجوکہ اندرونِ سندھ جیکب آباد سے ہوتے ہوئے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان سے براستہ ملتان، جھنگ ، خوشاب، کلر کہار، چکوال مندرہ ،روات سے ہوتے ہوئے راولپنڈی پہنچے۔ آج دن ایک بجے دن یہ پیدل لانگ مارچ نیشنل پریس کلب اسلام آباد پہنچے گا۔