‏اچھا لگتا ہے جب لوگ مجھ سے پرفارم کرنے کی توقع کرتے ہیں: بابراعظم

کسی سے موازنہ کیا جائے تو اچھا لگتا ہے، اپنے لیے چیلنجز اور اہداف کا تعین خود کرتا ہوں: قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 نومبر 2020 17:52

‏اچھا لگتا ہے جب لوگ مجھ سے پرفارم کرنے کی توقع کرتے ہیں: بابراعظم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30نومبر 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ مجھے لوگوں سے اپنی پرفارمنس کی توقع کرنا پسند ہے،‏ ہمیشہ اپنے کام پر فوکس اور خود پر یقین رکھتا ہوں۔ ایک بھارتی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھے ٹیسٹ کرکٹر کے طور پر پہچانا جانا چاہیں گے، اگر وہ رنز نہ کرسکیں تو بنیادی چیزوں پر دھیان دینا شروع کردیتے ہیں، ہمیشہ مثبت رہتے ہیں اور صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، آئوٹ ہونے کے بعد اپنی غلط شاٹس کی جھلکیاں ضرور دیکھتا ہوں۔

بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ نیٹ سیشنز کی منصوبہ بندی ایک رات پہلے ہی کرنا شروع کردیتے ہیں کیوں کہ ان کی ذمہ داریاں دیگر کھلاڑیوں سے زیادہ ہیں اور اسی کے مطابق وہ پلاننگ بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ان کا کسی سے موازنہ کیا جائے تو انہیں اچھا لگتا ہے، وہ اپنے لیے چیلنجز اور اہداف کا تعین خود کرتے ہیں۔ اپنے آئیڈیل کھلاڑی سے متعلق سوال پر بابراعظم کا کہنا تھا کہ سابق کپتان محمد یوسف میرے آئیڈیل کھلاڑی ہیں، وہ اپنے دور کے کلاسیکل بیٹسمین تھے جن کی بیٹنگ دیکھ کر میں ہمیشہ لطف اندوز ہوا اور بہت کچھ سیکھا ۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے لیے میچز جیتنا چاہتے ہیں تاکہ اس کا فائدہ ٹیم کو بھی پہنچے، ٹاپ 5 بلے بازوں میں نام دیکھ کر انہیں خوشی ہوتی ہے تاہم اس پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے تسلسل کے ساتھ پرفارمنس دیتی پڑتی ہے۔

متعلقہ عنوان :