سری لنکا، جیل میں ہنگامہ آرائی، 8 قیدی ہلاک، پچاس سے زائد زخمی

پیر 30 نومبر 2020 20:06

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2020ء) سری لنکا میں کورونا وائرس سے متاثر قیدیوں کی ایک جیل سے دوسرے جیل میں منتقلی پر صورتحال کشیدہ ہوگئی، قیدیوں اور محافظوں کے درمیان جھڑپوں میں 8 قیدی ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبوکے مضافات میں موجود مہاراجیل میں صورتحال اس وقت کشیدہ ہوئی جب ایک دوسرے جیل سے کورونا وائرس کے متاثرہ قیدیوں کو اس جیل میں منتقل کیا گیا۔

واقعے کے بعد جیل میں اضافی اہلکار تعینات کردیئے گئے، مہارا جیل کے قیدی کئی دنوں سے جیل میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ بڑھانے اور متاثرہ قیدیوں کیلئے نئے آئسولیشن سینٹرز کا مطالبہ کررہے تھے۔واضح رہے کہ سری لنکا میں کورونا وائرس کے مجموعی کیس23 ہزار ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ اموات109 تک جا پہنچی ہیں۔