فیصل آباد،انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے محکمہ ماحولیات کا281 زیرتعمیرمکانات،پلازوں و دیگر مقامات کا معائنہ، ڈینگی لاروا کے شواہد ملنے پر متعلقہ مالکان کو سخت وارننگ

منگل 1 دسمبر 2020 13:17

فیصل آباد،انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے محکمہ ماحولیات کا281 زیرتعمیرمکانات،پلازوں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2020ء) انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے محکمہ ماحولیات فیصل آباد نے ایک ماہ کے دوران281 زیرتعمیرمکانات،پلازں و دیگر مقامات،58 مختلف اشیاء کے گوداموں،51 سروس اسٹیشنز، 136 سی این جی و پیٹرول پمپس کا معائنہ کیا جبکہ مختلف مقامات پر ڈینگی لاروا کے شواہد ملنے پر متعلقہ مالکان کو سخت وارننگ دی گئی اور انہیں خبردار کیا گیا کہ اگر دوبارہ اچانک چیکنگ کے دوران وہاں سے ڈینگی لاروا بر آمد ہوا تو ان کے خلاف سخت کاروائی سمیت نہ صرف انہیں بھاری جرمانہ کیا جائے گا بلکہ ان کے یونٹس بھی سر بمہر کر دیئے جا ئیں گے۔

منگل کے روز محکمہ ماحولیات فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر فرحت عباس نے اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایا کہ محکمہ کے اہلکاروں نے گزشتہ ماہ نومبر کے دوران نہ صرف 588 مقامات کا معائنہ  کیا بلکہ اس عرصہ کے دوران 49 مالکان کو نوٹسز کا اجرا بھی عمل میں لایا گیا تاکہ دوبارہ چیکنگ پر اگر ڈینگی لاروا کی موجودگی کے شواہد ملے تو ان کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کروایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس طرح 588مقامات کو ڈینگی لاروا سے پاک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں 18 جولائی سے محکمہ کی طرف سے اینٹی ڈینگی مہم جاری ہے جس کا مقصد ضلع فیصل آباد کو ڈینگی سے محفوظ بنانا ہے۔