یونس خان قرنطینہ کے دوران روزے رکھنے لگے

قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ نیوزی لینڈ میں آئسولیشن کا وقت روزے اور عبادت میں گزارنے لگے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 دسمبر 2020 13:48

یونس خان قرنطینہ کے دوران روزے رکھنے لگے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم دسمبر 2020ء ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ کا وقت روزے رکھنے اور عبادات میں گزار رہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان قرنطینہ کے دوران روزے رکھ رہے ہیں اور فارغ وقت میں عبادات میں مشغول ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ آمد کے بعد انہوں نےتمام کھلاڑیوں کو بھی کہا تھا کہ وہ تین دن روزے رکھیں گے۔

یونس خان نے 29 نومبر کو اپنی 43 ویں سالگرہ کے موقع پر بھی انکشاف کیا تھا کہ وہ مسلسل 5 دنوں سے روزے رکھ رہے ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ میں موجود ‏پاکستانی کرکٹ سکواڈ کے 46 ارکان میں سے 42 کے کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگئے ہیں تاہم اس کے باوجود ابھی کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت نہیں مل سکی۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کے اعلامیے کے مطابق نئے کوویڈ ٹیسٹ کی رپورٹس میں 3 کیسز کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا وہ کیسز ہسٹورک ہیں یا نہیں جبکہ ایک کا نتیجہ آنا باقی ہے۔

کیوی وزارت صحت کے مطابق فوری طور پر کھلاڑیوں ٹریننگ کی ابھی اجازت نہیں دی اور اس کا فیصلہ متعلقہ میڈیکل آفیسر کی جانب سے رپورٹ پر ہوگا جس میں وہ اس بات کی تسلی کرے گا کہ کوویڈ 19 وائرس کی کسی دوسرے کو منتقلی کا اب کوئی امکان نہیں اور سب کھلاڑی کلئیر ہیں۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں قومی سکواڈ کے7 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے، سکواڈ میں شامل سرفرازاحمد، روحیل نذیز، نسیم شاہ، محمد عباس، عابد علی اور دانش عزیز بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے قومی سکواڈ کو عارضی طور پر پریکٹس سے روک دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ میں موجود اپنی ٹیم کو کہا ہے کہ حوصلہ رکھیں اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے، سکواڈ کے تمام اراکین اپنا خیال رکھیں، ہم جانتے ہیں یہ وقت مشکل ہے۔