کالم نگار عبدالقادر حسن کو وادی سون میں سپرد خاک کردیا گیا

اردو پوائنٹ کا ممتازکالم نگار کی وفات پر اظہار افسوس‘ سی ای او علی چوہدری کا اہل خانہ کے نام تعزیتی پیغام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 1 دسمبر 2020 13:54

کالم نگار عبدالقادر حسن کو وادی سون میں سپرد خاک کردیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم دسمبر ۔2020ء) وادی سون کے نامور سپوت ممتاز صحافی‘دانشوراور کالم نگار عبدالقادر حسن کو ان کے آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا ہے انہوں نے جہاں ملک کے سیاسی‘سماجی اور بین القوامی اموران کے کالموں میں زیربحث رہے وہیں وہ کئی دہائیوں سے بارانی علاقوں کے غریب کاشتکاروں کے لیے آوازاٹھاتے رہے .

(جاری ہے)

عبدالقادرحسن 12 مئی 1930 کو موضع کھوڑہ وادی سون سکیسر میں پیدا ہوئے انہوں نے دنیاوی تعلیم کی بجائے دینی تعلیم کو ترجیح دی اور درس نظامی مکمل کرکے صحافت سے وابستہ ہوگئے 1969 میں روزنامہ نوائے وقت کے زیرانتظام شائع ہونے والے جریدے ندائے ملت میں کالم غیر سیاسی باتیں لکھنا شروع کیا جو بعد میں نوائے وقت، جنگ اور ایکسپریس میں شائع ہوتا رہا.

جنرل ضیاءالحق دور میں وہ روزنامہ امروز کے ایڈیٹر بھی رہے 1958-1959 میں ہفت روزہ لیل ونہار کے عملہ ادارت میں شامل رہے. انہوں نے اپنا ذاتی ہفت روزہ افریشیا بھی جاری کیاپنجابی کی ممتاز افسانہ نگار اور صحافی رفعت ان کی اہلیہ تھیں عبدالقادر حسن وادی سون کے نہ صرف مسائل اجاگر کرتے رہے بلکہ وہ اپنی تحریروں کے ذریعے وادی سون کی ثقافت اور تہذیب سے بھی نوجوان نسل کو روشناس کرواتے رہتے تھے وہ بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کے حقوق کی سب سے توانا آوازتھے اور حکمرانوں کو ان کے مسائل سے آگاہ کرتے رہتے تھے .

بارانی علاقوں میں حکمرانوں کی عدم توجہ اور بارشوں کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے چند دہائیوں سے ایک طرف کاشتکار انتہائی مشکلات کا شکار تھے تو دوسری جانب دالوں کی پیدوار کم ہونے سے ملک کو بڑا نقصان پہنچا اور حکمرانوں کی عدم توجہ اور عبدالقادر حسن کی بار بار یاد دہانیوں کے باوجود درست سمت میں اقدامات نہ اٹھانے کی وجہ سے پاکستان کو ہر سال اربوں روپے دالوں کی درآمد پر خرچ کرنا پڑتے ہیں .

عبدالقادر حسن کی وفات ایک عہد کا خاتمہ ہے ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاءپر نہیں ہوسکے گا ادارہ ”اردوپوائنٹ “کی جانب سے ایڈیٹر میاں محمد ندیم نے ان کی نمازجنازہ میں شرکت کی اور اور ان کے صاحبزادے اطہر اعوان منیجر تعلقات عامہ پی آئی اے لاہور کو ”اردوپوائنٹ گروپ“کے سی ای او علی چوہدری کا تعزیتی پیغام پہنچایا. علی چوہدری نے عبدالقادر حسن کے انتقال پرشدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ تمام زندگی شعبہ صحافت سے وابستہ رہے اور صحافیوں کے استادوں کے استاد تھے، صحافی برادری کے لئے ان کی وفات ایک سانحہ عظیم ہے.