چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) سکندر قیوم کی کراچی سے اوتھال اور مکران کوسٹل ہائی وے منصوبہ کو موجودہ لاگت میں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 1 دسمبر 2020 14:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2020ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین کیپٹن(ر) سکندر قیوم نے کراچی سے اوتھال اور مکران کوسٹل ہائی وے این۔25 کو موجودہ لاگت میں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این ایچ اے حکام کے مطابق انہوں نے گزشتہ دنوںیہ ہدایات منصوبے کے دورے کے دوران جاری کیں۔ چیئرمین این ایچ اے کو این۔25 اور این۔

10 پر جاری تعمیراتی اور مرمتی کاموں کے حوالے سے ممبر ویسٹ زون نے بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 13 نومبر کو ایم۔8 ہوشاب۔آواران حصے کا سنگ بنیا د رکھا۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید بھی اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر این ایچ اے کے چیئر میں نے ہوشاب۔آواران منصوبے کی اہمیت بارے شرکا کو بریفنگ دی جو سی پیک کی غربی شاخ کا اہم ترین حصہ ہے اور صوبہ سندھ کے ساتھ گوادر بندرگاہ کو منسلک کرتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع کے پسماندہ ترین علاقوںکی سماجی و اقتصادی صورتحال میں بھی بہتری لائے گا۔ ہوشاب۔آواران 146کلومیٹر طویل منصوبہ ہے جس کی چوڑائی 7.3 میٹر ہو گی۔ یہ منصوبہ تین سال میں مکمل کیا جائے گا جس پر 19.857 ارب روپے لاگت آئے گی۔ چیئرمین این ایچ اے نے وزیراعظم کو بریفنگ دی کہ بسیمہ۔ خضدار (این 30) منصوبہ پر 11.749 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ اس منصوبہ کی لمبائی 106 کلومیٹر ہے۔

منصوبہ پر تعمیراتی کام زور و شور سے جاری ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اکتوبر 2021 میں اسے مکمل کر لیا جائے گا۔ چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ ممبر (غربی زون)، جنرل منیجر (غربی مکران)، این ایچ اے گوادر اور جنرل منیجر (بلوچستان شمالی) نے ہوشام تا زیرو پوائنٹ گوادر (ایم 8) ہائی وے، ہوشاب سے سوراب تک نیشنل ہائی وے این 85 اور سوراب تا کوئٹہ این 25 کا بھی دورہ کیا۔

دورے کے دوران چیئرمین این ایچ اے کو جاری ترقیاتی و مرمتی کام پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین این ایچ اے نے ہدایت کی کہ ہائی وے کو روڈ صارفین کے لئے محفوظ بنانے کے لئے حفاظتی علامتی بورڈ نصب کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین این ایچ اے نے بسیمہ۔ خضدار (این۔30) منصوبہ پر جاری ترقیاتی کام کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ پراجیکٹ کو بروقت اور موجود لاگت میں اضافے کے بغیر مکمل کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔