میلبورن سٹارز کی دلبر حسین سے معاہدے کی تصدیق

فاسٹ بائولر اس سال حارث رئوف کی غیر موجودگی کے باعث بگ بیش لیگ کا مکمل سیزن کھیلیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 دسمبر 2020 14:53

میلبورن سٹارز کی دلبر حسین سے معاہدے کی تصدیق
میلبورن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم دسمبر 2020ء ) بگ بیش ٹیم میلبورن سٹارز نے لاہور قلندرز کے فاسٹ بائولر دلبر حسین سے معاہدے کی تصدیق کر دی ہے ۔ گزشتہ سال بگ بیش لیگ میں ایک میچ کھیلنے والے دلبر حسین اس سال حارث رئوف کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہونے کے باعث بگ بیش لیگ کا مکمل سیزن کھیلیں گے ۔
میلبورن سٹار کے 45 سالہ ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہسی کا کہنا ہے کہ 27 سالہ دلبر حسین میلبورن سٹارز کی بائولنگ لائن اپ میں ایک منفرد اضافہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا ہے کہ دلبر حسین نے شاندار ڈبیو کیا تھا، انہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں اے بی ڈیویلیئرز کی وکٹ حاصل کی تھی۔ ڈیوڈ ہسی نے یہ بھی کہا ہے کہ دلبر حسین کو بگ بیش لیگ میں ابھی تک زیادہ پلیئرز نے نہیں کھیلا ہے جو میلبورن سٹارز کے لیے فائدہ مند ہے۔ دلبر حسین اس وقت مغربی آسٹریلیا میں 14 روزہ لازمی قرنطینہ ایام مکمل کررہے ہیں اور 11 دسمبر کو کینبرا میں ہونے والے میلبورن سٹارز کے پہلے میچ کے لئے دستیاب ہوں گے، دلبر حسین نے رواں سال پی ایس ایل میں ایلکس ہیلز سمیت 14 بلے بازوں کا شکار کیا تھا۔