ہسپتال پمز کے ملازمین کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری رہا ، (آج)سے مکمل ہڑتال ہوگی

منگل 1 دسمبر 2020 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال پمز کے ملازمین کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری رہا ، (آج)بدھ سے مکمل ہڑتال ہوگی ۔تفصیلات کے مطابق پمز ملازمین نے (آج) بدھ سے مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔ مظاہرین نے کہاکہ بدھ سے صرف ایمرجنسی اور کرونا وارڈز میں کام ہو گا، بدھ سے ہسپتال کو تالے لگا دیں گے حکومت کو ہر صورت ایم ٹی آئی آرڈیننس واپس لینا ہو گا۔

(جاری ہے)

ملازمین پمز کے مطابق ہماری بدقسمتی ہے ، یہ حکومت ہمارے گناہوں کی سزا ہے ،لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، دو دن سے احتجاج کر رہے ہیں حکومت اتنی متکبر ہے کہ ہم سے بات کرنا بھی توہین سمجھتی ہے،نہ تو یہ زرداری حکومت سے طاقتور ہیں نہ نواز حکومت سے، ہم میدان میں کھڑے ہیں آرڈیننس لاگو نہیں ہونے دیں گے، پمز ہسپتال کی نجکاری سے غریب عوام سے علاج کا حق چھینا جا رہا ہے، خیبرپختونواہ میں ناکام ہونے کے باوجود ایم ٹی آئی اب اسلام آباد میں لاگو کردیا گیا، بورڈ آف گورننس آنے سے ورکر پرروزگارچھیننے کی تلوارلٹکتی رہے گی،پمزکا انتظام بہترکرنے کی بجائے نجکاری کردی گئی۔