ایل این جی ریفرنس کیس ،نیب کے گواہ محمد حسن کا مکمل بیان ریکارڈ نہ ہوسکا ، سماعت آٹھ دسمبر تک ملتوی

منگل 1 دسمبر 2020 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سابق وزیر مفتاح اسماعیل سمیت دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس سے متعلق کیس میں نیب کے گواہ محمد حسن کا مکمل بیان ریکارڈ نا ہوسکا۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس سے متعلق کیس پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے تاحال ریفرنس سے متعلق مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا، جب تک دستاویزات مکمل نہیں ہوتے کیسے بات ہوگی،عدالتی حکم کے باوجود نیب نے دستاویزات فراہم نہیں کیں،نیب دستاویزات میں تین صفحات غائب ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ دوران سماعت نیب کے پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا15 نومبر دو ہزار بارہ کو ایل این جی کنسلٹنٹ کمپنی کی تعیناتی سے متعلق خط لکھا گیا۔

جوبھی ریفرنس آتا ہے پارٹیاں کہتی ہیں سب سے گندا ریفرنس یہی ہے۔اج بھی نیب کے گواہ محمد حسن کا بیان مکمل ریکارڈ نا ہوسکا۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس کیس کے علاؤہ بھی سو کام ہیں۔جمعے کو کیس سماعت کے لیے رکھ دیں۔ایک ہفتے میں دوبارہ اس کیس کی سماعت نہ رکھیں۔فاضل جج نے ریمارکس دیئے آپ کوئی ایک دن بتائیں جسمیں اسکو مکمل کیا جائے۔

ہم نے آپکو دو ہفتے کی بریک دی۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل نے موقف اختیار کیا کہ ہمارے پاس جو گنجائش بن رہی ہے وہ جمعرات کی ہے۔ جج اعظم خان بولے بدھ کو پہلے جعلی اکاؤنٹس کیسسز سماعت کے لیے مقرر ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر نیب کے گواہ کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔