شاہد آفریدی زیادہ بار ٹونٹی ٹونٹی میں صفر سے دوچار ہونیوالے دوسرے پاکستانی بیٹسمین بن گئے

آل رائونڈر کینڈی ٹسکرز کیخلاف 26 ویں مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 دسمبر 2020 15:48

شاہد آفریدی زیادہ بار ٹونٹی ٹونٹی میں صفر سے دوچار ہونیوالے دوسرے پاکستانی ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2020ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہونے والے پاکستانی بلے بازوں میں کامران اکمل کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آگئے ۔ ہمبنٹوٹا کرکٹ سٹیڈیم میں لنکا پریمیئر لیگ کے میچ میں شاہد آفریدی نے پرسنا کا سامنا کیا جنہوں نے پہلی ہی گیند پر انہیں کیچ آئوٹ کروادیا ، یہ شاہد آفریدی کے کیریئر میں 26 واں موقع تھا جب وہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے جس کے ساتھ وہ زیادہ بار صفر پر آئوٹ ہونے والے ملکی بلے بازوں میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آگئے۔

شاہد آفریدی اب تک 322 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 18.45 کی اوسط سے 4392 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں ایک سنچری اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں ، انہوں یہ رنز 154.43 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں۔

(جاری ہے)

کسی پاکستانی بلے باز کی جانب سے اس فارمیٹ میں زیادہ بار صفرپر آئوٹ ہونے کا منفی ریکارڈ عمر اکمل کے پاس ہے جواب تک 27 مرتبہ بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہوئے ہیں ، ان کے بڑے بھائی اور قومی وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل 26 مرتبہ اس خفت سے دوچار ہوچکے ، سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اور فاسٹ باﺅلر سہیل تنویر 23،23 مرتبہ صفر پر آﺅٹ ہوچکے ہیں ،قومی اوپنر احمد شہزاد اور فاسٹ بائولر وہاب ریاض 17،17 مرتبہ اپنے نام کے آگے انڈہ درج کروا کر پوویلین لوٹے، آل رائونڈر عماد وسیم 16 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے ہوئے ہیں ،خرم منظور بھی 15 مرتبہ صفر پر آﺅٹ ہوچکے ہیں ، سابق کپتان شعیب ملک بھی 14 مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے ہیں،عمر گل اور یاسر عرفات 13،13مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے، فاسٹ باﺅلرمحمد سمیع، شاداب خان اورآصف علی بھی 12،12 مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے،لیگ سپنر یاسر شاہ اور سابق آل راﺅنڈر اظہر محمود 11،11 مرتبہ صفر کی خفت سے دوچا ر ہوئے، قومی وائٹ بال کپتان بابراعظم اور فاسٹ بائولر سہیل خان بھی 10،10 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹ چکے ہیں۔

سابق ویسٹ انڈین بلے باز ڈیون سمتھ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 28 مرتبہ صفر پر آﺅٹ ہوچکے ہیں۔