جج ویڈیو کیس، ملزم کی درخواستِ ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری

منگل 1 دسمبر 2020 16:36

جج ویڈیو کیس، ملزم کی درخواستِ ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) ہائی کورٹ نے جج ویڈیو کیس کے ملزم فیصل شاہین کی درخواستِ ضمانت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کو نوٹس جاری کر دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار ملزم فیصل شاہین نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ ناصر بٹ نے جج ارشد ملک کے ساتھ ملاقات کی وڈیو دھوکے سے بنوائی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے کہا کہ ناصر بٹ نے بزنس میٹنگ کا کہہ کر دھوکے سے ویڈیو بنوائی، مریم نواز، شہبازشریف اور نون لیگ کے دیگر رہنمائوں کی گرفتاری ہوئی نہ تحقیقات کی گئی۔درخواست میں ملزم فیصل شاہین نے کہا کہ دورانِ تفتیش مجھے ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا، جبکہ مرکزی ملزم میاں طارق سمیت دیگر کی ضمانت ہوچکی ہے۔ملزم فیصل شاہین نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ 3 اکتوبر 2019ء سے اڈیالہ جیل میں قید ہوں، ضمانت پر رہا کیا جائے۔