عبدالماجد خان کا محمد مطلوب انقلابی کی وفات پر گہرے دکھ، افسو س کا اظہار

منگل 1 دسمبر 2020 17:23

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) تحریک انصاف کے رکن قانون ساز اسمبلی وسیکرٹری جنرل پی ٹی آئی آزادکشمیر عبدالماجد خان نے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر سابق وزیر ہائیر ایجوکیشن، پارلیمنٹرین، عظیم سیاسی کارکن، عوام دوست رہنماء محمد مطلوب انقلابی کی وفات پر گہرے دکھ، افسو س کا اظہار کیا ہے اور اسے آزادکشمیر کی سیاست، معاشرت اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے طبقہ کا نا قابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں عبدالماجد خان نے کہا کہ محمد مطلوب انقلابی کی اچانک رحلت صرف پیپلز پارٹی کا نقصان نہیں بلکہ آزادکشمیر اور پاکستان کے اندر جمہوریت پسند قوتوں کا بھی بہت بڑا نقصان ہے۔ پی ٹی آئی آزادکشمیر اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ان کے کارکنان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

عبدالماجد خان نے کہا کہ محمد مطلوب انقلابی آزادکشمیر کے صف اول کے کارکن تھے جنہوں نے ابھی بہت ساری منازل طے کرنی تھیں ان کی وفات سے ہم سب کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے اللہ انہیں کروٹ کروٹ جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

عبدالماجد خان نے آزادکشمیر بھر اور دنیا کے دیگر ممالک میں بسنے والے کشمیر یوں کے ساتھ بھی محمد مطلوب انقلابی کی وفات پر صدمے اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ عبدالماجد خان نے کہا کہ محمد مطلوب انقلابی آزادکشمیر کے پارلیمانی گلدستے کا خوبصوت پھول تھے جن کی کمی اسمبلی کے اندر اور باہر تا دیر محسوس ہوتی رہے گی۔