مودی نے ہندو قوم پرستی کو ہوا دی جس سے کشمیری معاشرے کے سٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے ، خولہ خان

منگل 1 دسمبر 2020 17:23

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) چئیرپرسن خان آف منگ ویلفیئر ٹرسٹ وڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی خواتین ونگ خولہ خان نے کہا ہے کہ مودی نے مذہبی جنونیت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے مودی نے ہندو قوم پرستی کو ہوا دی جس سے کشمیری معاشرے کے سٹریکچر کو نقصان پہنچا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ نریندر مودی کی ہٹ دھرمی سے عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے بھارت ناقابل اعتبار ملک ہے خطہ کا امن وسکون تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی فائرنگ وگولہ باری جنوبی ایشیاء کا امن تباہ کر دے گی لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی پر گولہ باری کرنے پر عالمی برادری خاموشی توڑے۔خولہ خان نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت اور انسانیت سوز مظالم پر دنیا اپنی آنکھیں کھولے، بھارتی بربریت انسانیت کے لئے زہر قاتل ہے دنیا بھر میں مسلمان انتہا پسندی کا نشانہ بن رہے ہیں بھارت کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنا بند کرے، بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے۔

(جاری ہے)

خولہ خان نے کہا کہ ہندوستانی افواج کے ہاتھوں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں پورے خطے میں تناؤ اور عدم استحکام پایا جاتا ہے لاکھوں کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں انھوں نے کہا کہ بلاشبہ آزادی ایک ایسی نعمت ہے جو کسی بھی انسان کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرتی ہے وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہن بھائی آزاد ہونگے۔