لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں پی ڈی ایم جلسہ کی درخواست مسترد

مسلم لیگ ن کے 5 رکنی وفد نے جلسے کی اجازت کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کی ، ڈپٹی کمشنر لاہور نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 دسمبر 2020 17:48

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں پی ڈی ایم جلسہ کی درخواست مسترد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔01 دسمبر2020ء) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے ن لیگ کی گریٹر اقبال پارک میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسہ کی درخواست مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے 5 رکنی وفد نے جلسے کی اجازت کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کی ، جس میں ان کی طرف سے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں جلسے کی اجازت طلب کی گئی تاہم ڈپٹی کمشنر لاہور نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے موقف اختیار کیا کہ جلسے کی اجازت دینے، نہ دینے کا حتمی فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔ دوسری طرف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ملتان کے جلسہ کے بعد حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینے کے لیے لاہور میں اعلان کردہ جلسہ کے لیے کام شروع کردیا ، پی ڈی ایم کا اہم سربراہی اجلاس 8 دسمبر کو اسلام آباد میں بلالیا ، مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ ہماری نظریں اب لاہور کے جلسے پر ہوں گی ، حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سربراہ پی ڈی ایم سے ملاقات کی ، اس دوران گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملتان کے کامیاب جلسے پر یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ، ان کے بیٹوں نے بہت قربانی دی ، کیوں کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے پولیس گردی کا نشانہ بنے ، ہماری نظریں اب لاہور کے جلسے پر ہوں گی ، جس کے لیے 8 دسمبر کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا ، آئندہ کی حکمت عملی پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں طے ہوں گی ، اجلاس میں تمام زمینی حقائق پر غور کیا جائے گا ، ہم اپنے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام نظر نہیں آتے تو جلسہ کیا نظر آئے گا، عوام کے معاملات سے حکومت لاتعلق ہوگئی ہے۔