زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی تعیناتی کے فیصلہ برقرار

منگل 1 دسمبر 2020 20:19

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2020ء) عدالت عالیہ کی ڈویژنل بینچ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف چوہدری کی درخواست جو انہوں نے عدالت عالیہ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی کے فیصلہ کے خلاف دائر کی تھی ابتدائی سماعت کے بعد خارج کر تے ہوئے عدالت عالیہ کے دورکنی بینچ نے زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی تعیناتی کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے ۔

آن لائن کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ جس کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد خان کر رہے تھے نے دو ماہ قبل پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے جسٹس ساجد محمود سیٹھی کے فیصلے کو بحال رکھتے ہوئے عدالت عالیہ لاہور کے دو رکنی بینچ کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس میں مسٹر جسٹس ساجد محمود سیٹھی کی طرف سے ڈاکٹر اقرار احمد کو وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میرٹ کی بنیاد پر تقرر کرنے کا حکم دیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

فیصلہ کے خلاف سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف چوہدری نے دو رکنی بینچ میں اپیل دائر کی تھی جنہوں نے مسٹر ساجد محمود سیٹھی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف چوہدری کی تعیناتی کو درست قرار دیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی تعیناتی کالعدم قرار دے دی تھی اس فیصلہ کے خلاف پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے سپریم کورٹ نے میں اپیل دائر کی جس پر سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ ساجد محمود سیٹھی کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی تھی بعد ازاں صوبائی حکومت نے عدالت عالیہ لاہور کے فیصلے کے مطابق ڈاکٹر اقرار احمد کو وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد تعینات کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ، نوٹیفیکیشن کے بعد پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد نے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آبا د کا منصب سنبھالا ۔

زرعی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اشرف چوہدری نے جسٹس ساجد محمود سیٹھی کے فیصلے کے خلاف عدالت عالیہ کے دو رکنی بینچ میں نظر ثانی کیلئے درخواست دائر کی تھی جو آج مختصر سماعت کے بعد خارج کر دی گئی۔