پاکستان اسٹیل مل کی مختلف یونینز پر مشتمل آل پاکستان اسٹیل مل ایکشن کمیٹی کے وفد سے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں ملاقات

وفاق کی جانب سے پاکستان اسٹیل مل کو پرائیویٹائز کرنے کا اعلان تو کردیا گیا ہے مگر کوئی ٹائم فریم نہیں دیا گیا اور جبری برطرفی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے جبکہ حکومت پہلے ہی اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین کے کئی ماہ کی تنخواہوں کی نادہندہ ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

منگل 1 دسمبر 2020 21:17

پاکستان اسٹیل مل کی مختلف یونینز پر مشتمل آل پاکستان اسٹیل مل ایکشن ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2020ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی پاکستان اسٹیل مل کی مختلف یونینز پر مشتمل آل پاکستان اسٹیل مل ایکشن کمیٹی کے وفد سے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں ملاقات۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن خواجہ اظہار الحسن، عبدالوسیم، راشد سبزواری اور انچارج لیبر ڈویژن غلام حیدر بھی موجود تھے۔

آل پاکستان اسٹیل مل ایکشن کمیٹی کے وفد نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وفاق کی جانب سے پاکستان اسٹیل مل کو پرائیویٹائز کرنے کا اعلان تو کردیا گیا ہے مگر کوئی ٹائم فریم نہیں دیا گیا اور جبری برطرفی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے جبکہ حکومت پہلے ہی اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین کے کئی ماہ کی تنخواہوں کی نادہندہ ہے، وفد نے مسائل کے حل کیلئے گزارشات بھی پیش کیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفد کی جانب سے بیان کئے گئے مسائل اور دی جانے والی گزارشات کو بغور سٴْنا اور کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان آل پاکستان اسٹیل مل ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ گولڈن ہینڈ شیک کے نام پر ملازمین کو دی جانے والی خیرات اور جبری برطرف کئے جانے کے عمل کو مسترد کرتے ہیں، رمضان اور عید جیسے مواقعوں پر بھی اسٹیل مل کے ملازمین کی تنخواہیں ادا نہیں کی جاتی جس کے باعث کئی ملازمین ذہنی کرب میں مبتلا ہوکر انتقال کر چکے ہیں اور کئی ذہنی مریض بن چکے ہیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کو نیک نیتی کے ساتھ دوبارہ منافع بخش اور فعال ادارہ بنایا جاسکتا ہے لیکن اس سے قبل مافیا سے اسٹیل مل کو پاک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کیلئے وفاقی کابینہ سمیت مختلف فورمز پر آئینی و قانونی طریقہ کار کے مطابق آواز بلند کرے گی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن و رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ مزدور اتحاد ناگزیر ہے، ایم کیو ایم پاکستان اسٹیل مل سے جبری برطرف کئے جانے والے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے۔

ملاقات کیلئے آئے ہوئے وفد نے داد رسی اور مطالبات کی حمایت کرنے پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔ آل پاکستان اسٹیل مل ایکشن کمیٹی کے وفد میں کنوینر عاصم بھٹی، یونائیٹڈ لیبر کے صدر مجید منصوری، پروگریسو یونین کے صدر اکبر ناریجو، آفیسر ایسوسی ایشن کے صدر مرزا مقصود، انصاف لیبر یونین کے صدر شریف بھٹو، پیپلز یونیٹی کے چیئرمین امجد زرداری ، اکبر میمن اور سلیم گل شامل تھی