پنجاب ایمرجنسی سروس کی ماہ نومبر کی کارکردگی رپورٹ جاری

منگل 1 دسمبر 2020 18:40

لاہور۔1دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2020ء) :ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیرنے کہا کہ گزشتہ ماہ نومبرریسکیو سروس نے پنجاب بھر میں88441ریسکیوآپریشنز کے دوران86821ایمرجنسی متاثرین کوسات منٹ کا اوسط ٹائم برقرار رکھتے ہوئے مدد فراہم کی ۔ایمرجنسی میں سے 29679 روڈ ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں 363 افرادجاں بحق ہو گئے ۔

ان کل حادثات میں سے 10302شدیدزخمی ہوئے جنہیں پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ 21957معمولی زخمی ہونےوالے افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ایمرجنسی سروس کی ماہانہ کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جس میں تمام شعبہ جات کے سربراہان بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی جی ریسکیو پنجاب کو آگاہ کیا گیا کہ ایمرجنسی اعدادوشمار کے مطابق ریسکیوسروس نے 29679روڈ ٹریفک حادثات، 46521میڈیکل ایمرجنسیز،1412 آتشزدگی کے واقعات،2152 جرائم،59ڈوبنے کے واقعات،35عمارتیں گرنے، 15سلنڈر پھٹنے /دھماکے اور8568متفرق ایمرجنسیزپر رسپانڈ کیا۔

ایمرجنسی اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ آتشزدگی کے بیشتر واقعات بڑے شہروں میںرونما ہوئے جن میں لاہور میں289،راولپنڈی میں104، فیصل آباد میں 103،گوجرانوالہ میں95، ملتان میں 74، سیالکوٹ میں 54،رحیم ےارخان میں47اورقصور میں47 آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ اسی طرح لاہور میں6370، فیصل آباد میں2736، ملتان میں 2322، گوجرانوالہ میں 1710،راولپنڈی میں 1103، بہاولپور میں1189اورساہیوال میں989 ٹریفک حادثات پیش آئے۔

اجلاس کے شرکاءسے خطاب کر تے ہوئے ڈاکٹررضوان نصیر نے روڈ ٹریفک حادثات میں 363قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی کے اقدامات اور سیفٹی قوانین پر عمل پیرا ہو کر روڈ ٹریفک حادثات کو بڑی حد تک کم کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے بالخصوص موٹر سائیکل ڈرائیورز سے درخواست کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے سیفٹی ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں اور موٹر سائیکل کی حد رفتار50کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ مت چلائیں ۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، ہمیشہ بائیں لین میں چلائیں ، لیں تبدیل کرتے ہوئے سا ئیڈ مرر اور انڈی کیٹر کا استعمال لازمی کریں کیونکہ تقربیاََ 80فیصد حادثات کے زخمی موٹر سائیکل سے منسلک ہوتے ہیں ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں صرف بروقت 1122 پرکال ہی سے بروقت ریسپانس کی ضامن ہے اور کسی بھی ہنگامی حالات میں ممکنہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے ۔