سیاحت کا فروغ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،فرمان زرکون

بلوچستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،چیف ایگزیکٹو بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ

منگل 1 دسمبر 2020 23:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، یہاں کے پہاڑ، صحراء اور وسیع و عریض ساحل اپنے اندر بے پناہ کشش رکھتے ہیں،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیاحت ایک ترقی پذیر صنعت ہے اور اس میں ترقی کی گنجائش موجودہے، انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے قریب واقعہ ہنہ جھیل،صنوبر کے جنگلات میں گھرا زیارت، چاغی و خاران کے صحرا، خضدارمیں دلکش آبشاروں سے آراستہ مولہ چٹوک، ہنگول نیشنل پارک، وادی بولان،ہرنائی،کنڈ ملیر، جزیرہ استولہ، گڈانی، گوادر، پسنی سمیت صوبے کا 750کلو میٹر طویل ساحل اور دیگر علاقے سیاحوں کیلئے بہترین مقامات ثابت ہو سکتے ہیں اور ان مقامات پر ہوٹلز، موٹیلز، ریزورٹس، واٹر اسپورٹس، واٹر پارکس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع بھی موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے متعدد منصوبے شروع کر رہی ہے، بجٹ میں بھی اس مد میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمندوں کو تمام سہولیات اور معلومات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، حالیہ ویب نارز میں متعدد سرمایہ کاروں نے سیاحت کے شعبے میں دلچسپی کا اظہارکیا ہے جنہیں ان مقامات کے دورے بھی کرائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک بھی سیاحت کے شعبے میں سنجیدہ اقدامات کرتی ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت میں صوبائی حکومت اس شعبے کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے اوراس مقصدکیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔