جماعت اسلامی نے پی ڈی ایم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

نہیں چاہتے کہ ملک پر دوبارہ پیپلز پارٹی یا ن لیگ مسلط ہوں، جماعت اسلامی نے واضح طور پر بتا دیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 2 دسمبر 2020 00:42

جماعت اسلامی نے پی ڈی ایم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔01 دسمبر 2020ء) جماعت اسلامی پاکستان نے پی ڈی ایم میں شمولیت سے صاف انکار کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک پر دوبارہ پیپلز پارٹی یا ن لیگ مسلط ہوں ۔ جماعت اسلامی اپوزیشن کے اس اتحاد کا کسی طور بھی حصہ نہیں بنے گی ۔ جماعت اسلامی کی اپنی الگ پالیسی ہے جس کے مطابق وہ اس نااہل حکومت کیخلاف عوامی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے، جماعت اسلامی کسی کرپٹ اپوزیشن ٹولے کا حصہ نہیں بنے گی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا تھا کہ جماعت اسلامی اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی، 72 سالوں سے ملک کو لوٹنے اور مقروض بنانے والی پارٹیوں کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جو پارٹیاں اے پی سی کررہی ہیں ان کا ایجنڈہ واضح نہیں ہے، یہ لوگ حکومت میں ہوتے ہیں تو بھی مزے کرتے ہیں اور اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو بھی ان کے وارے نہارے ہوتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس وقت امیر جماعت اسلامی حکومت کیخلاف اکیلے لانگ مارچ نکال رہے ہیں، اور وہ اس اپوزیشن اتحاد سے علیحدہ جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔