سوزوکی پاکستان نے گاڑیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا

ڈالر کی قیمت میں کمی کے باوجود سوزوکی اور انڈس کمپنیوں نے گاڑیوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ کیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 2 دسمبر 2020 01:00

سوزوکی پاکستان نے گاڑیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔01 دسمبر 2020ء) سوزوکی موٹرز اور انڈس موٹرز نے گاڑیوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی لیمٹڈ (پی ایس ایم سی ایل)اور انڈس موٹرز نے اپنی گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔سوزوکی اور انڈس موٹرز کی جانب سےگاڑیوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ کیا گیاہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوزوکی کی جانب سے کلٹس اور سوئفٹ کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل کی قیمت میں 70 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد سوزوکی کلٹس کی نئی قیمت 19 لاکھ کی بجائے 19 لاکھ 70 ہزار روپے ہوگی ۔ کلٹس اے جی ایس ایک لاکھ روپے اضافے کے بعد اب 20 لاکھ 30 ہزار روپے کی بجائے 21 لاکھ 30 ہزار روپے میں فروخت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سوزوکی سوئفٹ آٹومیٹک نیوی گیشن کی قیمت میں 35 ہزار روپے اضافہ کیا گیا اور اب یہ 21 لاکھ 75 ہزار روپے کی بجائے 22 لاکھ 10 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈس موٹرز نے کرولا اور گرانڈی کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کرولا 1.6 ایم ٹی کی قیمت میں 60 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کی قیمت 31 لاکھ 59 ہزار روپے سے بڑھ کر 21 لاکھ 19 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

کرولا 1.6 اے ٹی کی قیمت بھی 60 ہزار روپے اضافے سے 33 لاکھ 9 ہزار روپے کی جگہ 33 لاکھ 69 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ کرولا 1.8 ایم ٹی کی قیمت پہلے 43 لاکھ 79 ہزار روپے تھی جو 70 ہزار روپے اضافے سے 35 لاکھ 49 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ کرولا 1.8 سی وی ٹی کی قیمت میں بھی 70 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا جو اب 36 لاکھ 29 ہزار روپے کی بجائے 36 لاکھ 99 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔الٹس گرانڈی 1.8 سی وی ٹی (Beige Interior) اسی ہزار روپے اضافے کے بعد 38 لاکھ 99 ہزار روپے کی جگہ 39 لاکھ 79 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔

الٹس گرانڈی 1.8 سی وی ٹی (Black Interior) کی قیمت ایک لاکھ روپے اضافے کے بعد 38 لاکھ 99 ہزار روپے کی جگہ 39 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے کمپنیوں کی جانب سے ڈالر کی قیمت کو جواز بناکر گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا تھا۔ مگر حالیہ مہینوں میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا مگر پھر بھی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جس کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :