سپریم کورٹ نے چیئرمین این ایچ اے سے پیٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی

لیز کی کاپیاں اور حاصل ہونیوالے فنڈ کی تفصیلات 4 ہفتوں میں پیش کی جائیں، سپریم کورٹ

بدھ 2 دسمبر 2020 13:39

سپریم کورٹ نے چیئرمین این ایچ اے سے پیٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) سپریم کورٹ نے سرکاری اراضی پر پیٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق از خود نوٹس پرچیئرمین این ایچ اے سے پیٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ۔بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی ۔عدالت نے چیئرمین این ایچ اے سے پیٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ۔

عدالت عظمیٰ نے کہاکہ لیز کی کاپیاں اور حاصل ہونیوالے فنڈ کی تفصیلات 4 ہفتوں میں پیش کی جائیں۔ عدالت عظمیٰ نے کہاکہ بتایا جائے کہ این ایچ اے کو حاصل ہونیوالا ریونیو کہاں خرچ کیا جاتا ہے،بتایا جائے کہ این ایچ اے کے ملازمین کے نام پیٹرول پمپس لیز پر تو نہیں دیے گئے۔ وکیل این ایچ اے سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ این ایچ اے ہائی ویز کے ساتھ زمین لیز پر دے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ این ایچ کے پاس پیٹرول پمپس قائم کرنے کیلئے لائسنس بھی جاری کرنے کی اتھارٹی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اگر ساری اتھارٹی این ایچ اے کے پاس ہے تو صوبائی حکومتوں کی ملکیت کا کیا فائدہ ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ پنجاب حکومت نے این ایچ اے سے لیز پر زمین دینے کا اخیتار واپس لے لیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کراچی اور حیدر آباد میں ایک دوسرے کے ساتھ کئی پیٹرول پمپس بنے ہوئے ہیں،این ایچ اے پیٹرول پمپس قائم کرنے کے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے،ہوسکتا ہے کہ این ایچ کے ملازمین یا رشتہ داروں کے نام پیٹرول پمپس لیز پر دیے گئے ہوں۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 4 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی گئی۔