کورونا سے لوگ مررہے ہیں اور اپوزیشن جلسے کررہی ہے ، وزیراعظم

یہ لوگ چوری بچانے کے لیے جلسے کررہے ہیں ، نواز شریف اور زرداری کو 30 سال سے جانتا ہوں ، اللہ کا ان پر عذاب نازل ہوتے دیکھا ہے ، وزیراعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 دسمبر 2020 13:33

کورونا سے لوگ مررہے ہیں اور اپوزیشن جلسے کررہی ہے ، وزیراعظم
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 دسمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حرام کا پیسااللہ کی لعنت ہے ، چوری بچانے کے لیے جلسے کررہے ہیں ، نواز شریف اور زرداری کو 30 سال سے جانتا ہوں ، اللہ کا ان پر عذاب نازل ہوتے دیکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول کر کبھی لندن اورکبھی دبئی جاتے ہیں ، اسٹریس دیکھنا ہے تو کل اسحاق ڈار کی شکل دیکھ لیتے ، اسحاق ڈار جھوٹ پر جھوٹ بول رہا تھا ، سب دیکھ رہے تھے ، ذہنی دباؤ انسان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا سے لوگ مرررہے ہیں اور اپوزیشن جلسے کررہی ہے ، یہ لیڈرکبھی لندن اور کبھی سعودی عرب جاتے ہیں حرام کا پیسہ خود ایک عذاب ہے اور یہ لیڈر کرپشن بچانے کےلیے جلسے کرتے ہیں، گلگت بلتستان حکومت اچھا کام کرے گی تو ان سے اللہ راضی رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے گلگت بلتستان کی نو منتخب کابینہ سے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ اور وزیراعلیٰ کو مبارکباد دیتا ہوں ، گلگت بلتستان حکومت ایک نئی روایت قائم کرے گی ، حکومت گورننس کے نئے معیار قائم کرے گی ، میں بھی گلگت بلتستان کے مسائل سے واقف ہوں، صوبائی حیثیت دینے کیلئے فوری کام کریں گے ، اس مقصد کے لیے فوری طور پر کمیٹی بنائیں گے ، جب کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دیں گے ، سیاحت کو فروغ دینے کیلئے سستے قرضے بھی دیئے جائیں گے ، قرضوں سے لوگوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے آسٹریا کی ایک بڑی کمپنی کے وفد سے ملاقات ہوئی ، جن کی مدد سے اسکردو میں 250بیڈز کا اہسپتال بنا رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ گلگت میں سرمایہ کاری کوفروغ دینے کےلیے خوشگوار ماحول فراہم کریں گے ، گلگت بلتستان کو جس راستے پر ڈالیں گے عوام کی زندگی بدل جائے گی، جس کے لیے علاقے کے لوگوں کو وسائل دینے کے خواہاں ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا کے سب سے بہترین نظام سیلف گورننس کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں، مدینہ کی ریاست میں پہلی ترجیح کمزور طبقے کو ترقی دینا تھا، ہماری ترجیح کمزور طبقے کو ترقی دینا ہے، جس کے تحت گلگت بلتستان حکومت بھی ایک نئی روایت قائم کرے گی ، گلگت بلتستان میں احساس پروگرام لے کر آرہے ہیں، کیوں کہ یہاں لوگوں کو احساس پروگرام کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔