اسحاق ڈار بے نقاب ہو چکے ہیں، نیب کو نوٹس لینا چاہیے، ڈاکٹر شہزاد اکبر

نوازشریف ماضی میں شکنجے میں آئے تو اسحاق ڈار نے اقبالی بیان دے دیا تھا،میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2020 14:52

اسحاق ڈار بے نقاب ہو چکے ہیں، نیب کو نوٹس لینا چاہیے، ڈاکٹر شہزاد اکبر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار بے نقاب ہو چکے ہیں، نیب کو نوٹس لینا چاہیے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہزاد اکبر نے شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ شہزاد اکبر نے اسحاق ڈار کے غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاست میں اسحاق ڈار کے انٹرویو کے چرچے ہیں، بی بی سی پر مفرور شخص کے انٹرویو سے عوام محظوظ ہوئی، 3 سال پہلے اسحاق ڈار پاکستان سے گئے، اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ اسحاق ڈار غیرملکی جرنلسٹ کے سوالات کے جواب نہیں دے سکے، نوازشریف ماضی میں شکنجے میں آئے تو اسحاق ڈار نے اقبالی بیان دے دیا تھا، اسحاق ڈار انٹرویو میں ایکسپوز ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ان کی پاکستان میں ایک جائیداد ہے، بی بی سی ہم سے رابطہ کرتی، ہم بھی ایف بی آر سے تفصیلات بھیج دیتے، اسحاق ڈار کے پاس پاکستان میں کئی جائیدادیں ہیں، اسحاق ڈار نے جائیداد سے متعلق جھوٹ بولا ہے۔

شہزاد اکبر نے کہاکہ اسحاق ڈار شاید کسی کے حکم پر غیر ملکی چینل کو انٹرویو دینے چلے گئے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ اسحاق ڈار ایک ملزم ہیں، ان کو واپسی کے لیے درخواست بھی کی گئی ہے، نوازشریف ایک مجرم ہیں وہ وزٹ ویزا پر برطانیہ گئے، برطانوی حکومت سے رابطہ کیا اور خط بھی بھیجے، خط میں پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔شہزاد اکبر نے کہاکہ نوازشریف کے ویزے کو کینسل کرنے کا بھی خط میں کہا گیا ہے، برطانوی حکومت سے بات چیت چل رہی ہے، نوازشریف کا وزٹ ویزا 6 ماہ کا تھا، نوازشریف کے ویزے میں توسیع ہونا ابھی باقی ہے، ڈی پورٹ کرنے کا اختیار ایگزیکٹو کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی 2 حکومتوں نے الطاف حسین کی واپسی کی کوشش نہیں کی گئی۔شہزاد اکبر نے پی ڈیم ایم کے جلسوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں یہ صرف جلسے کے لیے 6 سے 7 ہزار لوگ اکٹھے کر پائے، اب اپوزیشن نے لاہور میں جلسی کرنی ہے، کورونا کی پہلی لہر میں ایس او پیز پر عملدرآمد سے بچ سکے تھے، دوسری لہر میں ایس او پیز پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کوویڈ19 کے باوجود جی ڈی پی پلس میں ہے، اپوزیشن ناکام کوششیں کر رہی ہے، پی ٹی آئی اس وقت بھی سب سے مقبول جماعت ہے۔