پولیس قومی رضاکاروں کی بھرتی، یونیفارم اور تنخواہ بارے رولز اور آرڈیننس کے تحت نیا اسٹینڈنگ آرڈرتیارکیا جائے‘ آئی جی پنجاب

پولیس قومی رضاکاروں کاریکارڈ پنجاب پولیس کے سنٹرل ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ساتھ انٹی گریڈ کیا جائے تمام اضلاع میں پولیس قومی رضا کاروں کو تنخواہ/الاؤنس کی ادائیگی بینکوں کے ذریعے کی جائے‘ انعام غنی کی زیر صدارت اجلاس

بدھ 2 دسمبر 2020 17:17

پولیس قومی رضاکاروں کی بھرتی، یونیفارم اور تنخواہ بارے رولز اور آرڈیننس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ پولیس قومی رضاکاروں کے پیشہ ورانہ امور کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے رولز اور آرڈیننس کی حدود میں رہتے ہوئے ایک نیا اسٹینڈ نگ آرڈر تیار کیاجائے جس میں قو می رضاکاروں کی بھرتی ، یونیفارم ، رینک اور ڈیلی الائونس /تنخواہ سمیت دیگر امور کے متعلق تفصیلی ہدایات شامل کی جائیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ نئے سٹینڈنگ آرڈر میں پولیس قومی رضاکاروں کی الیکٹرانک حاضری کا طریقہ کار وضع کیا جائے جبکہ اسٹینڈنگ آرڈر اور ایس او پیز کی تیاری کا کام جلد از جلد مکمل کرکے اسے جاری کیا جائے تاکہ مستقبل میں قومی رضاکاروں کی بھرتی جاری کردہ نئے اسٹینڈنگ آرڈر کے مطابق ہی کی جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزیدکہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں خدمات سر انجام دینے والے پولیس قومی رضاکاروں کا تفصیلی ریکارڈ پنجاب پولیس کے سنٹرل ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ساتھ انٹی گریڈ کیا جائے جبکہ پولیس قومی رضا کاروں کو تنخواہ/ڈیلی الاؤنس کی ادائیگی بینکوں کے ذریعے یقینی بنائی جائے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں پولیس قومی رضاکارصرف منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق یونیفارم پہن کر ڈیوٹی سر انجام دیںاور سرکل افسران وقتا فوقتا فیلڈ میں نکل کر قومی رضاکاروں کی ورکنگ کا جائزہ ضرور لیتے رہیں ۔ انہوںنے مزیدکہاکہ مذہبی و قومی تہواروں کی ہنگامی ڈیوٹیوں کے علاوہ پولیس قومی رضاکاروں کو مصروف شاہرات اورمقامات پر ٹریفک کنٹرول کے حوالے سے بھی استعمال کیا جائے جبکہ کورونا ایس او پیز اور سمارٹ لاک ڈاؤن ڈیوٹیزکے دوران بھی پولیس قومی رضاکاروں کوموثر طور پر استعمال کرتے ہوئے انکی افادیت سے بھرپور استفادہ کیا جائے ۔

انہوںنے مزیدکہاکہ تمام اضلاع میں اے ایس پی یا ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر پی کیو آر کی ٹریننگ، یونیفارم، فٹنس اور ورکنگ کی مانیٹرنگ پر توجہ رکھیں جبکہ ڈی پی اوز بھی ماہانہ بنیادوں پر سرکل افسران سے میٹنگ کرتے ہوئے پولیس قومی رضاکاروں کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ امور بارے اپ ڈیٹ لیا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس قومی رضاکاروں کے پیشہ ورانہ امور سے متعلقہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان نے آئی جی پنجاب کو پولیس قومی رضاکاروں کی مجموعی تعداداور ڈیوٹیز سمیت دیگر پیشہ ورانہ امورکے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ شاہرات سمیت تمام پوائنٹس پر پولیس افسر کی موجودگی میں ہی قومی رضاکاروں کوڈیوٹی کیلئے تعینات کیا جائے جبکہ ناکوں پر ڈیوٹیاں سر انجام دینے والے پولیس قومی رضاکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس لازمی فراہم کی جائیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ نئی بھرتی میں قد ، چھاتی اور ٹریننگ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سنٹرل پولیس آفس میں تعینات ڈی ایس پی(PQR)تمام ریجنز اور اضلا ع کے دورے کریں اور پولیس قومی رضاکاروں کی حاضری اور ورکنگ کا جائزہ لیتے ہوئے مانیٹرنگ رپورٹس تیارکرکے انہیںپیش کریں ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ، ویلفیئراینڈ فنانس اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس علی عامر ملک، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ڈی آئی جی لیگل جواد ڈوگر، ڈی آئی جی ویلفیئر آغا محمد یوسف ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیراور اے آئی جی فنانس ڈاکٹرشہزاد آصف سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔