پارلیمنٹ ہائوس کو2 ہفتوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

سینیٹ اور قومی اسمبلی کے 70 سے زائد ملازمین کی رپورٹ مثبت ،گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا اسد قیصر کی صادق سنجرانی سے مشاورت ، فیصلے سے متعلق وزیر اعظم ہائوس کو آگاہ کر دیا گیا

بدھ 2 دسمبر 2020 21:59

پارلیمنٹ ہائوس کو2 ہفتوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2020ء) حکومت نے کورونا وباء کی شدید لہر کے پیش نظر پارلیمنٹ ہائوس کو2 ہفتوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹرٹ کے 70 سے زائد ملازمینمیں کورونا وائرس کی مثبت رپورٹ سامنے آنے پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین سینیٹ سے مشاورت کے بعد وزیر اعظم ہائوس کو فیصلے سے متعلق تمام تر صورت حال سے آگاہ کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق کورونا وباء کی دوسری بڑی شدید لہر سے پارلیمنٹ ہائوس کے ملازمین میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور حکومت نے پارلیمنٹ ہائوس کو ایک بار پھر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ،کورونا وباء سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے ہر شعبے میں کورونا پازیٹو کیسز سامنے ہیں جن میں کام کرنے والی خواتین بھی شامل ہیں ،ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے سینیٹ سیکرٹریٹ میں سب سے زیادہ ملازمین متاثر ہوئے ہیں ، متاثرہ ملازمین کی اکثریت کو گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا ،اب تک سینیٹ اور قومی اسمبلی کے 70 سے زائد ملازمین میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہائوس کو بند کرنے کیلئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے مشاورت مکمل کرلی ہے ،فیصلے کے تحت پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کو دوہفتو ںکیلئے بند کردیا جا ئے گا جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس بھی دسمبر میں نہ بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ،ذرائع نے بتایا کہ تمام تر صورت حال سے وزیر اعظم ہائوس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے ۔