گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کی زیرصدارت اسلامیہ کالج پشاور کی سینٹ کا خصوصی اجلاس

جی آئی ٹی انکوائریزرپورٹ کی سفارشات پر قائمقام وی سی ڈاکٹرنوشاد کوعہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

بدھ 2 دسمبر 2020 22:17

گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کی زیرصدارت اسلامیہ کالج پشاور کی سینٹ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کی زیرصدارت اسلامیہ کالج پشاور کی سینٹ کا خصوصی اجلاس گورنرہاؤس میں منعقدہوا جس میں جبری رخصت پربھجوائے گئے قائمقام وی سی اسلامیہ کالج ڈاکٹر نوشاداور مذکورہ کالج سے متعلق گورنرانسپکشن ٹیم کی انکوائریز رپورٹ پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں جی آئی ٹی انکوائریزرپورٹ کی سفارشات پر قائمقام وی سی ڈاکٹرنوشاد کوعہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیاگیا اور اس حوالے سے سینڈیکیٹ اجلاس کے ذریعے ڈاکٹر نوشاد کوشوکاز نوٹس بھجوایاجائیگا۔

اجلاس میں اسلامیہ کالج میں رجسٹرار، خزانچی، کنٹرولرامتحانات اور پرووسٹ کی آسامیوں کو مشتہرکرنے کا فیصلہ کیاگیا۔مذکورہ آسامیوں پرتعیناتی کا عمل تین مہینوں میں مکمل کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کا کہناتھاکہ آسامیاں مشتہرکرنے کامقصد مذکورہ آسامیوں پرٹیچنگ کیڈرکی بجائے انتظامی افسران کی تعیناتی مقصودہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلامیہ کالج ایک تاریخی ادارہ ہے جس کی تعلیمی ساکھ ہرصورت برقراررکھی جائیگی،اپنے بچوں کے مستقبل اور تعلیمی معیار پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ارباب محمدوسیم، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ادریس خان اور ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ سفیراحمدکے علاوہ سینیٹ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔