آصفہ بھٹو اپنے ہی والد اور بھائی کی سیاست کیلئے خطرہ بن گئیں

مریم نواز کو شدید تحفظات، آصف زرداری کی صاحبزادی کو پی ڈی ایم کے لاہور جلسے سے دور رکھنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی بدھ 2 دسمبر 2020 23:32

آصفہ بھٹو اپنے ہی والد اور بھائی کی سیاست کیلئے خطرہ بن گئیں
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 دسمبر2020ء) آصفہ بھٹو کو پی ڈی ایم کے لاہور جلسے سے دور رکھنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ آصفہ بھٹو نے ملتان جلسے سے اپنے سیاسی کیرئیر کا ناصرف آغاز کیا، بلکہ بڑے بڑے سیاستدانوں کیلئے خطرے کا باعث بھی بن گئی ہیں۔ صحافی ارشد شریف کا کہنا ہے کہ انہیں  ن لیگ کے لوگوں نے بتایا ہے کہ مریم نواز ملتان جلسے کے بعد آصفہ بھٹو کو ملنے والی پذیرائی سے خوش نہیں ہیں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہوں نے طویل تقریر کی اور حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ آصفہ بھٹو کی تقریر تو کافی مختصر تھی، پھر آصف زرداری کی بیٹی کو زیادہ پذیرائی کیوں حاصل ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ آصفہ بھٹو اپنے ہی والد اور بھائی کی سیاست کیلئے بھی خطرہ بن گئی ہیں۔ ان تمام حالات میں اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ آصفہ بھٹو کو پی ڈی ایم کے باقی جلسوں سے دور رکھا جائے، وہ لاہور کے جلسے میں شرکت نہیں کریں گی۔

واضح رہے کہ آصفہ بھٹو نے گزشتہ دنوں پہلی مرتبہ کسی سیاسی جلسے میں شرکت کی تھی۔ آصف زرداری کی صاحبزادی ملتان میں ہوئے پی ڈی ایم جلسے میں شریک ہوئی تھیں اور انہوں نے ایک پراثر تقریر بھی کی۔ اس تقریر کے بعد سیاسی ناقدین کی جانب سے بھی آصفہ بھٹو کی تعریف کی گئی۔ آصف زرداری کی جانب سے 2018 انتخابات سے قبل بھی اعلان کیا گیا تھا کہ آصفہ بھٹو کو انتخابی میدان میں اتارا جائے گا، تاہم پھر اس اعلان پر عمل نہ ہوا اور صرف بلاول بھٹو اور خود آصف زرداری نے ہی انتخابات میں حصہ لیا۔ اب طویل عرصے بعد بلاول بھٹو کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد آصفہ بھٹو کو میدان میں اتارا گیا، لیکن ان کا سیاسی مستقبل اب بھی غیر یقینی سے دوچار ہے۔