کورونا ویکسین کی اسٹوریج اور ملک گیر ترسیل ای پی آئی کے سپرد

این سی او سی نے ویکسین ایڈمنسٹریشن پلان کی منظوری دیدی ، ویکسین ترسیل اسٹریٹجی کا نام ویکسین ایڈمنسٹریشن پلان ہو گا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 دسمبر 2020 14:06

کورونا ویکسین کی اسٹوریج اور ملک گیر ترسیل ای پی آئی کے سپرد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2020ء) این سی او سی نے ویکسین ایڈمنسٹریشن پلان کی منظوری دیدی ، کورونا ویکسین کی اسٹوریج اور ملک گیر ترسیل ای پی آئی کے سپرد کردی گئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کورونا ویکسین کی ملک گیر ترسیل کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ، ویکسین ترسیل اسٹریٹجی کا نام ویکسین ایڈمنسٹریشن پلان ہو گا ، ویکسین ایڈمنسٹریشن پلان توسیع پروگرام حفاظتی ٹیکہ جات کا تیار کردہ ہے ، ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کیلئے عملہ ای پی آئی فراہم کریگا جب کہ ویکسین کی ملک گیر ترسیل کیلئے لاجسٹک ای پی آئی فراہم کریگا۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کی ملک گیر ترسیل کیلئے خصوصی سیکیورٹی انتظامات ہونگے۔ دوسری طرف نٹرنیشنل پولیس نے وارننگ جاری کی ہے کہ کورونا ویکسین کوجرائم پیشہ گروہ نقصان پہنچا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انٹرپول نے دنیا کو متنبہ کیا ہے کہ منظم گروہ کووڈ -19 کی ویکسین کو ہدف بنا سکتے ہیں تا کہ اس کی طرز پر جعلی ویکسین فروخت کر سکیں۔

انٹرپول نے دنیا بھر میں اپنے 194 رکن ملکوں کو گلوبل الرٹ جاری کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ کووڈ 19 ویکسین پر نظر رکھنے والے جرائم پیشہ گروہوں سے ہوشیار رہیں جو اس ویکسین کو آن لائن بھی نشانہ بنا سکتے ہیں ۔ انٹرپول کے مطابق جرائم پیشہ گروہ کورونا ویکسین کی سپلائی کے نظام میں مداخلت کر سکتے ہیں اور عوام کو جعلی ویب سائٹ اور جعلی ادویات کے ذریعے دھوکا دے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کئی ممالک کی جانب سے کورونا ویکسین بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ، اور امریکی کمپنی فائزر نے ویکسین کو 100 فیصد تک پر اثر قرار دیا ہے۔ انٹرپول نے ان تمام ممالک کو وارننگ دی ہے کہ وہ جرائم پیشہ گروہ سے ویکسین کو بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔