اورنج لائن میٹرو ٹرین کروڑوں روپے کی بجلی پی گئی

لیسکو اورنج لائن ٹرین کمپنی کو نومبر کا 7 کروڑ روپے کا بل بھجوادیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 3 دسمبر 2020 14:18

اورنج لائن میٹرو ٹرین کروڑوں روپے کی بجلی پی گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2020ء) : لاہوریوں کا پسندیدہ پراجیکٹ اورنج لائن ٹرین کروڑوں روپے کی بجلی پی گیا۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو آپریشنل ہونے پر پہلا بجلی کا بل جاری کر دیا۔ کمپنی نے نومبر میں استعمال ہونے والی بجلی کا 7 کروڑ روپے کا بل بھجوا دیا۔ آپریشنل ہونےکے بعد گزشتہ ماہ کے دوران اورنج لائن میٹرو ٹرین نے 7 کروڑ بجلی صرف کی۔

سنگھ پورہ سرکٹ سے تیرہ لاکھ یونٹس اورنج لائن ٹرین نے استعمال کیے جبکہ ملتان روڈ سرکٹ سے اکیس لاکھ یونٹس بجلی استعمال کی گئی۔ دونوں سرکٹس پر استعمال شدہ یونٹس کا بل سات کروڑ روپے بنایا گیا۔ لیسکو نے دونوں سرکٹس کی ریڈنگ لے کر بجلی کا بل جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ اورنج لائن میٹرو ٹرین نے معمول سے کم بجلی استعمال کی، اورنج لائن میٹرو ٹرین میں ایئر کنڈیشنڈ کا لوڈ کم ہونے پر کم بجلی استعمال ہوئی تاہم مکمل لوڈ پر اورنج لائن میٹرو ٹرین کو چالیس لاکھ یونٹس کے قریب بجلی استعمال کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

یاد رہےکہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور میں 2015ء کو شروع ہوا ۔ اس پراجیکٹ کو مکمل ہونے میں پانچ سال لگے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین پر پہلا آزمائشی سفر گذشتہ برس 28 اکتوبر کو کیا گیا تھا جس کے بعد 6 نومبر کو لیسکو نے ٹرین کے دو پاور ہاؤسز کو بجلی کی سپلائی کا باقاعدہ آغاز کیا تھا۔

بعد ازاں 25 اکتوبر2020ء کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا ، جس کے بعد سے لاہوری اورنج لائن ٹرین پر سفر کر رہے ہیں۔ ٹرین کے 27.1 کلو میٹر کے فاصلے میں مجموعی طور پر 26 ریلوے سٹیشن واقع ہیں۔ جن پر ہر ٹرین کا 40 سیکنڈ کے لئے سٹاپ دیا گیا ہے۔ اورنج لائن ٹرین کے روٹ پر مجموعی طور پر 22 ٹرینیں ہیں، جن کا کرایہ 40 روپے فی کس مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہر ٹرین میں خواتین اور خصوصی افراد کے بیٹھنے کے لئے الگ الگ جگہیں مقرر ہیں۔